بھٹکل، 29 / اگست (ایس او نیوز) بھٹکل ٹاون پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی ایک شکایت کے مطابق دیر رات کو اپنے دوست سے ملاقات کے بعد بھٹکل مخدوم کالونی سے واپس لوٹنے والے محمد کیف عرفان ملپا نامی نوجوان پر تین چار لوگوں نے اندھیرے میں گھیر کر حملہ کیا ہے ۔
کارگیدے چھٹویں کراس کے مقیم محمد کیف عرفان ملپا (24 سال) کا کہنا ہے کہ وہ منگل کی رات میں 2.30 بجے کے قریب جب مخدوم کالونی میں دوست کے گھر سے واپس لوٹ رہا تھا تو اسے سامنے سے ایک کار آتی ہوئی دکھائی دی ۔ اسے شک ہوا کہ اس کے گم شدہ پالتو جانور شاید اس کار میں ہونگے جو اندھیرے میں غائب ہوگئی ہے ۔ اس لئے وہ اس کار کو تلاش کرتے ہوئے مخدوم کالونی ہنومان نگر میں واقع گنیش منٹپ تک پہنچا ۔ اس وقت وہاں اندھیرے میں تین چار لوگوں نے اسے گھیرا اور اس کے منھ پر کپڑا ڈھانپ کر اس پر حملہ کرنے کے بعد فرار ہوگئے ۔
کیف کا کہنا ہے کہ حملہ کا شکار ہونے کے بعد اس نے اپنے بھائی کو فون کرکے بلایا اور وہاں سے علاج کے لئے اسپتال چلا گیا ۔
بھٹکل ٹاون پولیس نے کیف کی شکایت درج کی ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے ۔