ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں آدھار کارڈ کے مزید چار مراکز قائم کرنے ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کا مطالبہ

بھٹکل میں آدھار کارڈ کے مزید چار مراکز قائم کرنے ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کا مطالبہ

Wed, 28 Feb 2018 13:15:31    S.O. News Service

بھٹکل 28/فروری (ایس او نیوز) بھٹکل میں آدھار کارڈ بنوانے کے مزید مراکز قائم کرنے کا مطالبہ لے کر منگل کو ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کی جانب سے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر دفتر کے باہر احتجاج کیا گیا اور اسسٹنٹ کمشنر کی معرفت  ڈپٹی کمشنر کو  میمورنڈم پیش کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ بھٹکل میں آدھار کارڈ کے لئے صرف ایک سینٹر قائم ہے جو ناکافی ہے اور آدھے سے زیادہ  عوام کو بڑی بڑی قطاروں میں کھڑے ہونے کے بعد مایوس ہوکر واپس لوٹنا   پڑرہا  ہے۔میمورنڈم میں اس بات کا مطالبہ کیا گیا ہے کہ  بھٹکل میں مزید سینٹرس قائم کرکے عوام کی پریشانیوں کو دور کیا جائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کے ڈسٹرکٹ سکریٹری شوکت خطیب نے اخبارنویسوں کو  بتایا کہ بھٹکل میں ٹھنڈی کا موسم جاری ہے اور لوگ صبح چھ بجے سردی میں کانپتے ہوئے میونسپالٹی میں قائم آدھار سینٹر پر آکر لائنوں میں لگ جاتے ہیں، دور دراز دیہاتوں سے خواتین، بچے ، بوڑھے، اسکولی طلبہ وغیرہ سب آکر کھڑے ہوجاتے ہیں، مگر لوگوں کی اتنی بڑی  قطار لگ جاتی ہے کہ آدھے سے زیادہ لوگوں کو مایوس ہوکر واپس لوٹنا پڑتا ہے، انہوں نے بتایا کہ گلف سے چھٹیوں پر آنے والے حضرات بھی کافی بڑی تعداد میں قطار میں کھڑے ہوتے ہیں اور اپنا وقت برباد کرکے نمبر نہ آنے پر واپس جانے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ مزید بتایا کہ سرکار نے اب ہر کام کے لئے آدھار کارڈ کو لازمی قرار دیا ہے، یہاں تک کہ موبائل استعمال کرنے اور اسکولوں میں داخلہ کے لئے  بھی آدھار لازمی ہے۔ اسکولوں میں ٹیچرس بچوں کو فوری آدھار کارڈ بناکر لانے کا مطالبہ کرتے ہیں اور بھٹکل میں ایک ہی سینٹر ہونے کی وجہ سے بچوں کو آدھار کارڈ کے لئے اسکول میں چھٹی کرانے کے بائوجود کارڈ کا کام نہیں ہورہا ہے۔ مزید بتایا کہ حکومت کو کم ازکم بھٹکل کی آبادی کو ذہن میں رکھ کر آدھار کارڈ کے مراکز قائم کرنے چاہئے اور لوگوں کی تکلیفات کو دھیان میں رکھنا چاہئے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کیا کہ  کم ازکم  تین سے چار زائد سینٹر بھٹکل میں قائم کریں۔

 ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کےمقامی نائب صدر ابراہیم شیخ، سابق صدر قمرالدین مشائخ،  خازن اشرف برماور، یوتھ ڈسٹرکٹ صدر ابوالاعلیٰ برماور، ممبرس عبدالجبار اسدی، سعید بھائی، نوید شاہ بندری،  محمد آصف وغیرہ موجود تھے۔

Welfare Party of India staged protest outside AC office Bhatkal, Video clip:

 


Share: