یلاپور، 9 جولائی (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع اترکنڑا کے یلاپور تعلقہ میں اربیل گھاٹ کے نزدیک بلگار کے مقام پر جمعرات کی علی الصبح ایک کروزر اور لاری کے درمیان ہونے والے خوفناک آمنے سامنے کے تصادم میں کروزر ڈرائیور سمیت چھ افراد ہلاک جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ایک زخمی نے اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران راستے میں آخری سانس لی۔
پولیس نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت سنجے مڈیوال (33)، اکشے تیجپا (26)، ابھیشیک ایشور (28)، ابھیشیک مڈیوال (27)، بسوراج دیونائک (38) اور منجوناتھ اشوک (33) کے طور پر کی ہے۔ تمام متوفیان ضلع دھارواڑ کے رہنے والے تھے۔
حادثے میں شیوراج دُرگپا مڈیوال (22)، سچن اور چنّابسیا بسلنگیا سمپگاؤں (28) شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق کہ تمام متاثرین ضلع دھارواڑ کے رہنے والے تھے اور بنگلورو میں ایک معروف آن لائن فوڈ ڈلیوری کمپنی میں پارٹ ٹائم ڈلیوری ایگزیکٹو کے طور پر کام کرتے تھے۔ پولس کے مطابق ڈرائیور سمیت نو لوگوں پر مشتمل یہ لوگ بدھ کی رات دھارواڑ سے چکمگلورو کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم جمعرات کی اولین ساعتوں میں قریب ڈیڑھ بجے جب ان کی گاڑی عربیئل گھاٹ پر نیشنل ہائی وے 52 سے گزرنے کے دوران سامنے سے آنے والی لاری سے اس کی زوردار ٹکر ہوگئی۔ حادثے کے بعد کروزر گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جس کے باعث کئی افراد گاڑی کے اندر ہی پھنس گئے اور امدادی کارروائی کے بعد انہیں باہر نکالا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی یلاپور پولیس، مقامی افراد اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے یلاپور سرکاری اسپتال روانہ کر دی گئیں۔
یلاپور پولیس نے معاملہ درج کرکے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔