بھٹکل ، 19 / اگست (ایس او نیوز) عام طور پر سڑکوں پر موٹر گاڑیوں کی رفتار قابو میں رکھنے کے لئے اسپیڈ بریکرس اور ہمپس بنائے جاتے ہیں یا پھر روڈ کراسنگ کی جگہ پر کناروں پر بیریکیڈس لگائے جاتے ہیں ۔ لیکن اسپیڈ بریکرس یا ہمپس کی مشکل یہ رہی تھی ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ یہ اکھڑ جاتے ہیں یا خراب ہونے یا خراب کیے جانے کی وجہ سے پوری طرح فائدہ مند نہیں رہتے ۔
بھٹکل کی عام سڑکوں اور شاہراہوں پر موٹر گاڑیوں کی تیز رفتاری ایک سنگین مسئلہ ہے اور اسے کنٹرول کرنے کے اقدامات کا خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوتا ۔ مگر ان دنوں صورتحال کچھ بدل سی گئی ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ موٹر گاڑیوں کی رفتار قابو میں رکھنے کی ذمہ داری اب آوارہ مویشیوں اور کتوں کے جھنڈ نے سنبھالی ہے ۔ نیشنل ہائی وے ہو یا اسٹیٹ ہائی وے ، شہر کے اندرونی رستے ہو یا گلیاں ہر جگہ ایک طرف آوارہ کتوں کے جھنڈ موج مستی کرتے نظر آتے ہیں تو دوسری طرف بیچ سڑک پر آوارہ مویشیوں کے گروپ یا تو آپسی مشورہ کرتے یا پھر آرام و استراحت کا مزہ لیتے ہوئے نظر آتے ہیں ۔
تیسری طرف سڑک پر بارش کی وجہ سے سڑک پر بنے ہوئے گڈھے منھ کھولے سواریوں کا انتظار کرتے ہیں ۔ اس طرح کہا جا سکتا ہے کہ بھٹکل شہر میں اس وقت موٹر گاڑیوں کی رفتار قابو میں رکھنے یا پھر ذرا سی بھول چوک کرنے والی سواریوں کو سڑک پر الٹ دینے کی کارروائی انجام دینے کے لئے تین تین سسٹم کام کر رہے ہیں ۔ آوارہ مویشی، آوارہ کتے اور سڑکوں پر بنے ہوئے گڈھے کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں ناکافی اسٹریٹ لائٹس کی وجہ سے ہونے والا اندھیرا بھی بڑا اہم رول ادا کر رہا ہے ۔ منجملہ بھٹکل کی ٹریفک کنٹرول کرنے یا پھر سواریوں حادثات کا شکار بنانے کا سارا نظام قدرتی وسائل کے سہارے چل رہا ہے اور متعلقہ سرکاری محکمہ جات بڑے چین کی نیند سو رہے ہیں ۔