بھٹکل ، 29 / اگست (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ میں حاملہ خاتون کی بچہ دانی کا ایک انوکھا آپریشن انجام دیا گیا جس میں حاملہ کے رحم کے ساتھ غیر معمولی انداز میں جڑے رہنے والے آنول (پلیسنٹا ایکریٹا) کو کامیابی کے ساتھ الگ کیا گیا ۔
سرکاری اسپتال کی ایڈمنسٹریٹیو میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سویتا نے پریس کانفرنس کے دوران تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ تعلقہ کے شیرالی کی رہنے والی ایک 34 سالہ خاتون دوسری مرتبہ حاملہ ہوئی تھیں ۔ مگر پیٹ میں کچھ عجیب سا اور غیر معمولی درد محسوس کر رہی تھیں ۔ اس وجہ سے خاتون کی ایم آر آئی جانچ کروائی گئی جس کی رپورٹ سے پتہ چلا کہ وہ ایک پیچیدہ اور غیر معمولی طبی حالت پلیسنٹا ایکریٹا کا شکار ہے اور پیشاب کی نالی کا بھی مسئلہ ہے ۔
اس سنگین صورتحال کے پس منظر میں 8 ماہ کی حاملہ خاتون کے گھر والوں کی رضا مندی سے امراض خواتین کی ماہر ڈاکٹر شمس نور کی قیادت میں آپریشن کے ذریعے متاثرہ خاتون کا رحم باہر نکالا گیا اور اس کی جان بچائی گئی ۔ اس نے ایک بچی کو جنم دیا ہے جو صحت مند ہے ۔
ڈاکٹر سویتا نے بتایا کہ پلیسنٹا ایکریٹا ایک سنگین صورتحال ہوتی ہے جس سے 5000 ہزار حاملہ خواتین میں سے کوئی ایک خاتون دوچار ہو سکتی ہے ۔
اس موقع پر سرکاری اسپتال کے سرجن ڈاکٹر ارون، بچوں کے ماہر ڈاکٹر سرکشیت، ڈاکٹر شمس نور، ڈاکٹر پون، ڈاکٹر مہنتیش وغیرہ موجود تھے ۔