ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل رابطہ سوسائٹی نے کی وقف ترمیمی بل کی مخالفت؛ لوک سبھا جوائنٹ سکریٹری کے نام دیا گیا میمورنڈم

بھٹکل رابطہ سوسائٹی نے کی وقف ترمیمی بل کی مخالفت؛ لوک سبھا جوائنٹ سکریٹری کے نام دیا گیا میمورنڈم

Thu, 05 Sep 2024 12:12:05    S.O. News Service

بھٹکل 5/ستمبر (ایس او نیوز)  حکومت کے زیر غور وقف (ترمیمی) بل٢٠٢٤ جس کی ملک بھر کے مسلمان مخالفت کررہے ہیں اور اس کی مجوزہ ترامیم کو غیر آئینی اور غیر جمہوری قرار دیا جارہا ہے، اس متنازعہ بل کو لے کر گلف میں قائم بھٹکل کی مختلف جماعتوں پر مشتمل بھٹکل  رابطہ سوسائٹی کی جانب سے بھی سخت مخالفت کی گئی ہے اور اسے بھارت کے آئین میں دی گئی مذہبی آزادی کی ضمانت کی خلاف ورزی قرار دیا  گیاہے۔

رابطہ سوسائٹی دفتر میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے  رابطہ کے جنرل سکریٹری عتیق الرحمن منیری نے کہا کہ  وقف جائیدادیں اللہ کی ملکیت ہیں، انہیں کسی حکومت یا کسی اور حاکم کے کنٹرول یا قبضے میں نہیں لیا جاسکتا۔ ان کے مقاصد بھی اسلامی تعلیمات کی رہنمائی میں طے شدہ ہیں، لہٰذا وقف جائیدادوں کا انتظام اور کنٹرول وقف بورڈ کے پاس ہی رہنا چاہیئےاور اس میں مسلمان علماء کی نمائندگی برقرار رہنی چاہئے تاکہ وقف کے تقدس اور مقصدیت کو محفوظ رکھا جاسکے۔

وقف ترمیمی بل کو مذہبی معاملات میں مداخلت  قرار دیتے ہوئے  عتیق الرحمن منیری نے اسے مسلم کمیونٹی کے لیے ناقابل قبول قرار دیا اور کہا کہ وقف کی مجوزہ ترامیم میں سے زیادہ تر غیر آئینی ہیں اور سنگین نوعیت کی ہیں اسی طرح ترامیم مسلمانوں کو دیے گئے آئینی حقوق پر حملے کی بھی نمائندگی کرتی  ہیں۔ عتیق  الرحمن منیری نے کہا کہ  جس طرح دوسرے مذاہب والے اپنے مذہبی اُمور میں بیرونی مداخلت کو قبول نہیں کرتے، اسی طرح ہمارا بھی یہی ماننا ہے کہ وقف جائیدادوں کا انتظام بھی صرف مسلمانوں کے ہاتھوں میں رہنا چاہئے اور ہم کسی بھی بیرونی مداخلت کو اور اپنے مذہبی اُمور میں کسی بھی تبدیلی کو قبول نہیں کریں گے۔

رابطہ سوسائٹی کی جانب سے  حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مجوزہ ترامیم کو واپس لے اور تمام اسٹیک ہولڈروں بشمول مذہبی رہنما اور وقف بورڈ کی انتظامیہ کے ساتھ تفصیلی مشاورت کرے۔ اس ضمن میں رابطہ کی جانب سے ایک میمورنڈم بھی  تیار کیا گیا ہے جس کی نقل میڈیا کو جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ لوک سبھا سکریٹریٹ نئی دہلی کے جوائنٹ سکریٹری کے نام لکھے گئے میمورنڈم کو بذریعہ ای میل یا بذریعہ ڈاک روانہ کیا جائے گا۔

پریس کانفرنس میں  رابطہ سوسائٹی کے سابق جنرل سکریٹری ایس جے سید ہاشم سمیت گلف کے دیگر ذمہ داران عبدالقادر باشہ رکن الدین، مولوی طلحہ رکن الدین ندوی، الیاس سدی باپا وغیرہ موجود تھے۔


Share: