ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلہ دیش کے نام پر یوگی کے غازی آباد میں ہندو توا گروپ کا مسلمانوں پر حملہ

بنگلہ دیش کے نام پر یوگی کے غازی آباد میں ہندو توا گروپ کا مسلمانوں پر حملہ

Sun, 11 Aug 2024 22:39:22    S.O. News Service

غازی آباد 11/اگست (ایس او نیوز): پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر حملوں کے الزام میں یوگی کے زیر اقتدار اترپردیش کے غازی آباد میں ہندوتوا کارکنوں نے جھگی جھونپڑیوں میں رہنے والے غریب مسلمانوں پر حملہ کردیا اور ان کے خیمے اکھاڑتے ہوئے توڑ پھوڑ کے ساتھ ان کے سامان کو بھی نذر آتش کردیا۔

نیوز پورٹل دی وائر کی رپورٹ کے مطابق یہ واردات مبینہ ہندو رکھشا دل (ایچ آر ڈی) کے کارکنوں نے اپنے لیڈر بھوپیندر تومر عرف پنکی چودھری کی زیر قیادت جمعہ کو انجام دی۔ غازی آباد کے کاوی نگر علاقہ میں گلدھر ریلوے اسٹیشن کے قریب جھگی جھونپڑیوں پر حملہ کرتے ہوئے حملہ کرنے والے غنڈوں نے دعوی کیا کہ یہاں رہنے والے مسلمان غیر قانونی بنگلہ دیشی اور روہنگیا ہیں جو مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔  اطلاع کے مطابق حملے کے دو ویڈیوز کو ان لوگوں نے  سب سے پہلے اپنے گروپ کے سوشل میڈیا اکاونٹس پر وائرل کرایا جس میں دیکھا گیا ہے کہ  مسلمانوں سے نفرت کرنے والے غنڈے غریب مسلمانوں کے خیمے اکھاڑتے ہوئے‘ توڑ پھوڑ کررہے ہیں اور خیموں میں رہنے والوں کا سامان جلارہے ہیں۔ وڈیو میں یہ بھی دیکھا گیا کہ وہ مسلمانوں پر لاٹھیوں سے حملے کررہے ہیں اور مذہب کا نام لے کر مسلسل گالی گلوج کررہے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ جاریہ ہفتہ اس گروپ کا یہ ایسا دوسرا حملہ ہے۔ بلوائیوں نے نہ صرف جھونپڑ پٹیوں کو بلکہ مسلمانوں کے کپڑوں اور سازو سامان کو بھی جلادیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر حملوں کا جواب دینے سوشیل میڈیا پر اپیلوں کے درمیان یہ واقعہ پیش آیا۔ ایسی اپیلیں کرنے والوں میں قابل ذکر بی جے پی رکن اسمبلی نتیش رانے اور منڈی کی بی جے پی رکن اسمبلی کنگنا رناوت شامل ہیں۔

نتیش رانے کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ انہوں نے ایکس پر تحریر کیا تھا کہ اگر بنگلہ دیش میں ہندوؤں کو نشانہ بنایا جارہاہے اور قتل کیا جارہاہے تو پھر ہم یہاں ایک بنگلہ دیشی کو سانس لینے کی اجازت کیوں دیں۔ ہم بھی انہیں نشانہ بنائیں گے اور ہلاک کریں گے۔


Share: