بنگلورو20جون (ایس او نیوز) ایک ہی خاندان کے چھ افراد جن میں دو خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں، اُس وقت ہلاک ہوگئے جب اُن کی کار بے قابو ہوکر سڑک کنارے پارک کی ہوئی ایک کنٹینر لاری سے ٹکراگئی۔ حادثہ آج پیر کی صبح قریب سات بجے نیلمنگلا کے کیمپوہلّی میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ کار پر آٹھ افراد سوار تھے ، دو کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال لے جایا گیا ہے۔
ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق کار پر سوار سبھی افراد ہبلی کے نرگوندا کے رہنے والے تھے اور گد گ سے بنگلور جارہے تھے۔ فوری طور پر مرنے والوں میں دو کی شناخت کی گئی ہے، جس میں ایک بی ایم ٹی سی ڈرائیور باپو گوڈا شامل ہے، جبکہ ایک اورکی شناخت ملپّا کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کار ڈرائیونگ کررہا تھا۔ ذرائع کے مطابق ملپّا سویفٹ ڈیزائرکار ڈرائیوکررہا تھا۔ کار اُس وقت بے قابوہوگئی جب صبح کار پر سوار سبھی لوگ سورہے تھے۔ ایک اور ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کار تیزرفتاری کی بنا پر بے قابو ہوکر پہلے سڑک کے ڈیوائیڈر سے جاٹکرائی تھی,جس کے نتیجے میں کاراُچھل کر سڑک کے دوسرے حصے میں جاگری اور ایک کنٹینرسے کافی تیزی کے ساتھ ٹکراگئی۔ حادثے میں جو دو افراد زخمی ہیں، اُن کی بھی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
حادثہ ہوتے ہی ٹمکور۔بنگلور نیشنل ہائی وے بلاک ہوگیا،مگر دباس پیـٹ پولس موقع پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا اور سواریوں کو الگ کرتے ہوئے ہائی وے کو صاف کیا۔ قریب ایک گھنٹے تک یہاں روڈ بند رہا۔
دباس پیٹ پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔