بنگلورو۔3؍جون(ایس او نیوز) شہر میں جنسی ہراسانی کے واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔کل رات شہر کے کاڈگنڈنہلی( کے جی ہلی) میں گھر کے باہر ضرورت سے فارغ ہونے نکلی پانچ سالہ بچی کا اغوا کرکے اس کے ساتھ اجتماعی عصمت ریزی کی گئی ہے۔عصمت ریزی کا شکار بچی کو شہر کے بورنگ اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایاگیاہے ،جہاں اس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
بتایاجاتاہے کہ کے جی ہلی کے ویالی کاول سوسائٹی کے قریب مزدو ری کیلئے آئے ہوئے میاں بیوی اپنی بچی کے ساتھ سوئے ہوئے تھے، آدھی رات کو یہ بچی ضرورت سے فارغ ہونے باہر آئی، گہری نیند میں غرق ماں باپ کو بچی کے باہر جانے کا پتہ نہیں چلا ، بچی کو دیکھ کر تین چار افراد نے اسے پکڑ لیا اور ویران جگہ لے جاکر اس کے ساتھ منہ کالا کیا اور بعد میں اس کے گھر کے پاس سڑک کے کنارے پھینک کر فرار ہوگئے۔ فوری طور پر اس بچی کو سڑک کی گشت پر مامور ہوئسلا پولیس ٹیم نے بورنگ اسپتال پہنچایا ، یہاں آئی سی یو میں اس بچی کا علاج چل رہاہے۔ ڈاکٹروں نے اس بچی کے ساتھ جنسی ہراسانی کی تصدیق کی ہے۔ رات تین بجے کے قریب بچی کو اسپتال لایا گیا ، اس وقت سے ہی وہ نیم بیہوشی کی حالت میں ہے۔ بتایاجاتاہے کہ وحشی درندوں نے اس کے ہاتھ پیر باندھ کر اس کی عصمت ریزی کی۔
ڈاکٹروں نے بتایاکہ بچی کی حالت کافی نازک ہے۔ بچی کے ماں باپ صبح چھ بجے جب بیدار ہوئے تو بچی کو غائب دیکھ کر آس پاس ڈھونڈا اور شکایت کرنے جب کے جی ہلی پولیس تھانہ پہنچے تو انہیں اس واقعہ کا علم ہوا اور فوری طور پر وہ بورنگ اسپتال دوڑ پڑے۔ بتایاجاتاہے کہ یہ میاں بیوی دو سال قبل شہر میں مزدوری کیلئے چترادرگہ سے آئے تھے۔ دونوں ہی تعمیراتی مزدور ہیں اور ویالی کاول سوسائٹی کے قریب کرایہ کے مکان میں مقیم تھے۔
اطلاع ملتے ہی وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے بورنگ اسپتال کا دورہ کیا اور بچی کی صحت کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے بتایاکہ پولیس کمشنر پروین سود ، ڈی سی پی اجئے ہیلوری سے بھی انہوں نے پولیس کی کارروائی کی تفصیلات حاصل کی ہیں اور ڈاکٹروں سے گذارش کی ہے کہ اس بچی کا تیزی سے اور احتیاط کے ساتھ علاج کیا جائے، انہوں نے کہاکہ اس معاملے کو کافی سنجیدگی سے نمٹاجائے گا، بچی کے ساتھ اس طرح کی غیر انسانی حرکت کرنے والوں کو جلد ازجلد گرفتار کرکے ان کے خلاف کارروائی کرنے پولیس کو ہدایت دی گئی ہے۔
اُدھر ایک اور ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق واقعے کے فوری بعد پولس کی تین ٹیمیں ترتیب دے کر ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کی شناخت ویریشا (24) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ واردات کے قریب واقع سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر یہ گرفتاری عمل میں آئی ہے اور مبینہ طور پر ویریشا نے پولس کے سامنے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا ہے اور بتایا ہے کہ اُس نے نشے کی حالت میں ایسا کام کیا تھا۔