کو لکاتا، 29/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف سے بدھ کو بلایا گیا ریاست گیر بند آج صبح 6 بجے سے شروع ہوا، جس سے سڑکوں پر پرائیویٹ گاڑیاں، پرائیویٹ دفاتر اور اسکولوں میں حاضری کم رہی اور معمولات زندگی جزوی طور پر متاثر ہوئے شمالی 24 پرگنہ میں بی جے پی لیڈر نے دعویٰ کیا کہ ان کی کار پر ترنمول کانگریس کے غنڈوں نے فائرنگ کی اور حکمراں پارٹی نے الزام لگایا کہ بھگوا پارٹی کے کارکنوں نے زبردستی تعلیمی اداروں کو بند کرانے کی کوشش کی۔
ممتا بنرجی حکومت کے انتباہ نے اس بات کو یقینی بنایا کہ زیادہ ترسرکاری ملازمین معمول کے مطابق ڈیوٹی پر آئیں۔ بی جے پی حامی آج صبح سے ہی سڑکوں پر لوگوں سے اپنے ادارے بند رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے دیکھے گئے، جب کہ ٹی ایم سی کے کارکنوں نے بند کے خلاف احتجاج کرنے کی کوشش کی اور دونوں فریقین کے درمیان معمولی جھڑپ ہوئی۔ اس بند کی کال کولکاتہ میں 31 سالہ ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے خلاف منگل کو ریاستی سکریٹریٹ 'نبانہ' تک مارچ میں حصہ لینے والے لوگوں پر پولیس کی کارروائی اور حراست میں لینے کے خلاف کی گئی۔
بدھ کے روز، پولیس نے ریاست بھر میں عوامی زندگی میں مبینہ طور پر خلل ڈالنے کے لئے بی جے پی کے کئی لیڈران اور ان کے حامیوں کو حراست میں لیا اور گرفتار کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی لیڈر کوستاو باغچی بیرک پور اسٹیشن پر بند کو نافذ کرانے گئے تھے، لیکن انہیں اسٹیشن چھوڑنے پر مجبور ہوناپڑا۔ بی جے پی لیڈر اگنی مترا پال نے کہا کہ ان کی پارٹی کے کارکن لوگوں کو بند کرانے کے مجبور نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف بند میں شامل ہونے کی اپیل کر رہے ہیں۔
شمالی 24 پرگنہ میں، بی جے پی لیڈر پریانگو پانڈے نے دعوی کیا کہ ٹی ایم سی کے غنڈوں نے بم پھینکے اور ان کی کار پر6-7 راؤنڈ فائرنگ کی تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔ ریاستی حکومت نے بند کی مخالفت کی ہے اور لوگوں اور سرکاری ملازمین سے معمول کی خدمات برقرار رکھنے اور اپنے متعلقہ دفاتر اور کام کی جگہوں پر جانے کی اپیل کی ہے۔ وزیراعلیٰ کے چیف ایڈوائزر الپن بندوپادھیائے نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس بند میں شرکت نہ کریں۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے کہ عام زندگی متاثر نہ ہو۔
دریں اثنا، ممتا بنرجی کی زیرقیادت ریاست میں آج بڑی ایئر لائنز نے نقل و حمل اور ٹریفک میں خلل کے بارے میں الرٹ جاری کرتے ہوئے مسافروں سے کہا کہ وہ سڑک کے حالات اور اپنی پروازوں پر نظر رکھیں۔ وستارا، انڈیگو اور اسپائس جیٹ نے مسافروں کو ممکنہ مقامی نقل و حمل کے مسائل، سڑکوں میں رکاوٹیں، ڈائیورزن، ٹریفک بھیڑ اور کولکاتہ ہوائی اڈے کے راستے میں سست ڈرائیونگ کے بارے میں متنبہ کرنے والے مشورے جاری کیے ہیں۔ انہوں نے مسافروں سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ سفر کرنے سے پہلے بند کے دوران ہونے والی پیشرفت پر اپ ڈیٹ رہنے کے لیے پرواز کی حالت پر نظر رکھیں۔
ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ بند کی مخالفت کرتے ہوئے سرکاری دفاتر کھلے رہیں گے۔ حالانکہ بسیں اور میٹرو سمیت دیگر پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چلیں گے لیکن بند کی وجہ سے ان کی نقل و حرکت میں خلل پڑ سکتا ہے۔ نجی دفاتر بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ کولکتہ میٹرو استعمال کرنے والے مسافروں کو تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے کولکتہ میٹرو کی آفیشل ویب سائٹ چیک کرنی چاہیے۔
سرکاری دفاتر، بینک، اسکول اور کالج بدھ کو کھلیں گے تاہم، بدلتے ہوئے حالات کے درمیان طلباء کو آخری لمحات کی اپ ڈیٹس کے لیے اپنے متعلقہ اسکولوں اور کالجوں سے رابطے میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ طبی دیکھ بھال اور ایمبولینس جیسی ہنگامی خدمات بھی معمول پر رہیں گی۔