واشنگٹن9اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی وہائیٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شام میں بشارالاسد کے فوجی اڈے پر میزائل حملوں کی مکمل تائید اور حمایت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسد رجیم کے جرائم کی روک تھام کے لیے سعودی عرب اور امریکا کے موقف میں مکمل ہم آہنگی پائی جا رہی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق وائیٹ ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ سعودی فرنانروا نے بشارالاسد کے نہتے شہریوں پر مظالم کی روک تھام کے لیے جوابی کارروائی کی ضرورت سے اتفاق کیا ہے۔ امریکا کا بھی اس بارے میں یہی موقف ہے۔دونوں دوست ملکوں نے شام میں چار اپریل کو خان الشیخون کے مقام پر ہونے والے کیمیائی حملے کے بعد اس جرم کے مرتکب اسد رجیم کوسزادینے کی حمایت کی تھی۔ امریکا اور سعودی عرب نے خان الشیخون میں کیمیائی حملوں میں ایک سو عام شہریوں کی ہلاکت اور چار سو کے زخمی ہونے کی ذمہ داری بشارالاسد پرعاید کرتے ہوئے اس کے جرائم کی روک تھام کی ضرورت سے اتفاق کیاتھا۔جمعہ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں میزائل حملے کے بعد سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیزکوٹیلیفون کرکے اس کی تفصیلات بتائی تھیں۔ اس موقع پر شاہ سلمان نے امریکی حملے کو بروقت اورجرات مندانہ قراردیتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اعلان کیاتھا۔