ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / براڈوے روڈ ملٹی اسپیشالٹی اسپتال کا کام 85 فیصد مکمل،عنقریب تیار شدہ عمارت نارائن ہردالیہ کے سپرد کردی جائے گی: روشن بیگ

براڈوے روڈ ملٹی اسپیشالٹی اسپتال کا کام 85 فیصد مکمل،عنقریب تیار شدہ عمارت نارائن ہردالیہ کے سپرد کردی جائے گی: روشن بیگ

Thu, 24 Aug 2017 11:33:55    S.O. News Service

بنگلورو،23؍ اگست(ایس او نیوز) شہر کے شیواجی نگر علاقہ میں براڈوے روڈ پر زیر تعمیر بی بی ایم پی نارائن ہردالیہ سوپر اسپیشالٹی اسپتال کی عمارت کا کام تکمیل کے مراحل کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہاہے۔اس عمارت کاتقریباً 85 فیصد کام مکمل کرلیاگیا ہے، آج وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے نوجوان کانگریس لیڈر اور اپنے فرزند رومان بیگ ، بی بی ایم پی ٹیکس اینڈ فائنانس کمیٹی کے چیرمین ایم کے گنا شیکھر اور جئے محل بلاک کانگریس کمیٹی صدر کرشنے گوڈا اور دیگر بی بی ایم پی افسران کے ہمراہ اس عمارت کا معائنہ کیا اور یہاں پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے بعد یہاں پر موجود افسران اور کنٹراکٹروں کو سخت ہدایت دی کہ جلد ازجلد یہ کام مکمل کرلیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ شیواجی نگر علاقہ میں اس اسپتال کے قیام کا مقصد یہی ہے کہ نارائن ہردالیہ کی طرف سے سرکاری فلاحی اسکیموں کے ذریعہ غرباء کا جو علاج کیا جاتاہے اس سے شہر کے شمالی اور مشرقی علاقوں کے لوگ استفادہ کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ قلبی بیماری دن بدن عام ہوتی جارہی ہے، دورۂ قلب کی صورت میں لوگوں کو یاتو پرائیویٹ اسپتالوں کا رخ کرکے لاکھوں روپے خرچ کرنے پڑتے ہیں یا پھر الیکٹرانک سٹی اور بی ٹی ایم لے آؤٹ میں واقع نارائن ہردالیہ یا جئے دیوا اسپتال تک پہنچنا پڑتاہے، بعض اوقات ان اسپتالوں تک پہنچتے پہنچتے مریض کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔ ایسی صورتحال کو قابو میں کیا جائے اور مریضوں کو کم شرحوں پر معیاری علاج تک رسائی حاصل ہوسکے ، اسی مقصد کے تحت براڈوے روڈ پر تقریباً 30کروڑ روپیوں کی لاگت سے بی بی ایم پی اور نارائن ہردالیہ کے اشتراک سے سوپر اسپیشالٹی اسپتال صرف قلبی علاج کیلئے قائم کیاجارہاہے۔ بی بی ایم پی کی طرف سے عمارت مکمل کرکے جلد از جلد نارائن ہردالیہ کے سپرد کردی جائے گی اور اس اسپتال کے سربراہ ماہر قلب سرجن ڈاکٹر دیوی شٹی نے یقین دلایا ہے کہ اس عمارت میں نارائن ہردالیہ کی طرف سے 20تا25کروڑ روپیوں کی مشینری اور جدید ترین آپریشن تھیٹر ، قلبی لیابس ، قلبی آئی سی یو وغیرہ قائم کئے جائیں گے اور نارائن ہردالیہ کی مانند ہی یہاں پر ریاستی اور مرکزی حکومتوں کی مختلف فلاحی اسکیموں کے ذریعہ مریضوں کا معیاری علاج کیا جائے گا۔ جناب روشن بیگ نے کہاکہ ان کے حلقہ میں اس معیار کے اسپتال کا قیام یقیناًشہریان بنگلور کیلئے ایک بہت بڑی سہولت کا سبب ہوگا۔ اس کے علاوہ شہر کے بورنگ اسپتال میں میڈیکل کالج کے قیام کی کارروائی بھی کافی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، کل ہی انہوں نے وزیر صحت کے آر رمیش کمار اور محکمۂ صحت ومیڈیکل ایجوکیشن کے اعلیٰ افسران کے ساتھ بورنگ اسپتال اور میڈیکل کالج کے قیام کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور وزیر صحت سے گذارش کی ہے کہ اس تاریخی اسپتال میں میڈیکل کالج کے قیام کو جلد از جلد یقینی بنانے کیلئے تعاون کیا جائے۔ 


Share: