چندی گڑھ، 4 /جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن اور منصفانہ طریقے سے پولنگ کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کی مدد کریں، پنجاب میں 4 فروری کو انتخابات ہوں گے۔وزیر اعلی نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ پنجابیوں نے امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے اصولوں کو ہمیشہ قائم رکھا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسی قابل فخر روایت برقرار رکھی جائے گی۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے آج پنجاب اور گوا میں 4 فروری کو انتخابات کا اعلان کردیا ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود ہر پارٹی کو اپنے نظریات کی تشہیر کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اس کا احترام کرتی ہے اور انتخابات کو پرامن، منصفانہ اور آزادانہ طریقے سے کرانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت مثالی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون دے گی۔