ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / ایڈن میں گھریلو سرزمین پر 250واں ٹیسٹ کھیلے گاہندوستان

ایڈن میں گھریلو سرزمین پر 250واں ٹیسٹ کھیلے گاہندوستان

Tue, 27 Sep 2016 17:03:09  SO Admin   S.O. News Service

 

نئی دہلی،27ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کانپور کے گرین پارک میں تاریخی 500واں ٹیسٹ میچ کھیلنے والی ہندوستانی ٹیم جب جمعہ کو کولکاتہ کے ایڈن گارڈنز میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا میچ کھیلنے کے لیے اترے گی تو یہ اس کا گھریلو زمین پر 250واں ٹیسٹ میچ ہوگا۔ہندوستان نے اب تک اپنی سرزمین پر 249ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے اس نے 88میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 51میں اسے شکست ہوئی ہے۔ایک میچ ٹائی رہا ہے جبکہ 109میچ ڈرا چھوٹے ہیں۔غیر ملکی زمین پرہندوستان نے 251میچوں میں سے 42میں فتح حاصل کی جبکہ 106میں اسے شکست ملی اور 103میچ ڈرا رہے لیکن گرین پارک کے بعد اب ایڈن گارڈنز بھی تاریخی میچ بننے جا رہا ہے۔اس میچ کے ساتھ ہندوستان دنیا کا تیسرا ملک بن جائے گا جس نے اپنی سرزمین پر 250یا اس سے زیادہ میچ کھیلے ہیں۔انگلینڈ نے اپنی سرزمین پر سب سے زیادہ 501ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں،اس کے بعد آسٹریلیا( 404ٹیسٹ)کا نمبر آتا ہے۔ویسٹ انڈیز(237)چوتھے اور جنوبی افریقہ(217)پانچویں نمبر پر ہے۔ہندوستان نے اپنی سرزمین پر اپنے زیادہ تر میچ آزادی کے بعد کھیلے ہیں۔اس نے 1947سے پہلے گھریلو میدانوں پر صرف تین میچ کھیلے تھے جن میں سے دو میں اسے شکست ہوئی تھی۔ان میں سے پہلا میچ اس نے 15دسمبر 1933کو انگلینڈ کے خلاف ممبئی جم خانہ میں کھیلا تھا جس میں اسے نو وکٹ سے شکست ملی تھی،یہ وہی میچ تھا جس میں لالہ امرناتھ نے ڈبیو کرتے ہوئے سنچری لگائی تھی۔گھریلو زمین پر ہندوستان نے 50واں ٹیسٹ میچ فروری 1964میں انگلینڈ کے خلاف دہلی میں کھیلا تھا۔اس میچ میں ہنومنت سنگھ نے ڈبیو کیا تھا اور 105رنز بنائے تھے۔منصور علی خاں پٹودی نے بھی اس میچ میں اپنی ڈبل سنچری(ناٹ آؤٹ 203رنز)لگائی تھی جس سے یہ ڈرا چھوٹا تھا۔ہندوستان نے اپنی سرزمین پر 100واں ٹیسٹ میچ نومبر 1979میں پاکستان کے خلاف بنگلور میں کھیلا تھا جو ڈرا رہا تھا جبکہ 150واں میچ زمبابوے کے خلاف مارچ 1993میں دہلی میں کھیلا تھا جس میں اس نے اننگز اور 13رنز سے جیت درج کی تھی۔اس میچ میں ونود کامبلی نے 227رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
یہ بھی دلچسپ ہے کہ ہندوستان نے اپنی سر زمین پر سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ ایڈن گارڈنز میں ہی کھیلے ہیں۔کولکاتہ کے اس میدان پر نیوزی لینڈ کے خلاف اس کا کل 40واں ٹیسٹ میچ ہوگا۔ابھی تک ایڈن گارڈنز پر جو 39میچ کھیلے گئے ہیں ان میں ہندوستان نے 11میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ نو میں اسے شکست ہوئی ہے۔ہندوستان کیلئے اگرچہ دہلی کا فیروز شاہ کوٹلہ اور چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم زیادہ خوش قسمت رہے ہیں۔ان دونوں میدانوں پر ہندوستان نے 13.13جیت درج کی ہیں۔اس نے دہلی میں 33اور چنئی میں 31ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ہندوستان ویسے اپنی سرزمین پر کل 21میدانوں پر ٹیسٹ میچ کھیل چکا ہے جن میں سے نو اسٹیڈیم ایسے ہیں جن میں اس نے گزشتہ 20سال سے بھی زیادہ عرصے سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا ہے۔اپنی سر زمین پر ہندوستان نے سب سے زیادہ 55ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلے ہیں۔ان میں سے اسے 15میں جیت اور 13میں شکست ملی۔اس کے بعد آسٹریلیا(46ٹیسٹ، 19جیت، 12ہار)، ویسٹ انڈیز(45میچ، 11جیت، 14ہار)، پاکستان(33میچ، سات جیت، پانچ ہار)اور نیوزی لینڈ(32میچ، 14جیت، دو ہار)کا نمبر آتا ہے۔ہندوستان نے اب تک ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک میں سے بنگلہ دیش کے خلاف اپنی سرزمین پر کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔گزشتہ چند سالوں سے ہندوستان کی اپنی سرزمین پر کارکردگی شاندار رہی ہے۔ہندوستان نے اپنی سرزمین پر جو آخری 49میچ کھیلے ہیں ان میں سے 29میں اسے کامیابی ملی جبکہ صرف چھ میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا،اس کے برعکس اس نے جو پہلے 50ٹیسٹ میچ اپنی سرزمین پر کھیلے تھے ان میں اس آٹھ میں فتح اور 12میں شکست ہوئی تھی۔


Share: