نیویارک،19مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ’ایف بی آئی‘ ان کے خلاف اور دیگر کیسوں کی آزادانہ تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے وہ تحقیقات میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کررہے ہیں۔ صدر ٹرمپ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق مشیر ’مائیکل ولین‘ کے حوالے سے ’ایف بی آئی‘ حکام آزادنہ طریقے سے کام کررہے ہیں۔ ٹرمپ نے ایف بی ?ائی کے سابق ڈائریکٹر جیمز کومی کو اپنے دفتر طلب کرنے اور مائیکل ولین کے بارے میں جاری تحقیقات پر اثر انداز ہونے کے دعوے کو مسترد کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک پریس کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ آیا وہ اپنے اور سابق مشیر مائیکل ولن کے خلاف ہونے والی تحقیقات میں مداخلت کررہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ’ ایسا ہرگزنہیں‘۔
خیال رہے کہ منگل کے روز اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیاتھا کہ صدر ٹرمپ نے اپنے سابق مشیر ولین کے حوالے سے تحقیقات رکوانے کے لیے ’ایف بی آئی ‘ کے ڈائریکٹر جیمز کومی کو 9 مئی کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا تھا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کی تحقیقات کے لیے خصوصی پراسیکیوٹر کی تعیناتی سے ملک تقسیم ہوگا۔