نئی دہلی:13 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو ہفتہ کو ای وی ایم کی شکایت لے کر نئی دہلی پہنچے۔انہوں نے الیکشن کمیشن کے حکام سے ملاقات کر جمعرات کو پہلے مرحلے کے دوران مبینہ طور پر بھاری تعداد میں خراب ہوئی وی ایم کے بارے میں بات کی۔لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ساتھ آندھرا پردیش میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں لگے ٹی ڈی پی صدر چندرا نے کوئی مثبت جواب نہ ملنے پر دھرنا دینے کی وارننگ بھی دی ہے۔نائیڈو نے ریاست کے تقریبا 150 پولنگ اسٹیشنوں پر دوسرا مرحلہ کی اپیل کی تھی۔ان کا الزام تھا کہ ان پولنگ بوتھوں پر وی ایم مشینوں میں خرابی ملی ۔الیکشن کمیشن پر حکومت کے اشارے پر کام کرنے کا الزام لگاتے ہوئے نائیڈو نے کہاکہ الیکشن کمیشن ایک آزاد ادارہ ہے، لیکن یہ کام وزیر اعظم مودی اور حکومت کے اشارے پر کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن ہمارا تعاون نہیں کر رہا ہے۔ اپنے ساتھ پارٹی کے سینئر لیڈر اور وزیر لے کر پہنچے نائیڈو نے کہاکہ یہ انتہائی تشویشناک ہے اور ملک کے لئے تباہی کی طرح ہے۔ انہوں نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاہے کہ آندھرا پردیش میں پہلے مرحلے کے دوران 4583 ای وی ایم میں خرابی آئی تھی۔بتا دیں کہ نائیڈو نے جمعرات کو پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران ہی الیکشن کمیشن سے اپیل کی تھی کہ کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کروایا جائے۔جمعرات کو انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران آندھرا پردیش کی 25 نشستوں اور 175 اسمبلی سیٹوں پر پولنگ ہوئی۔