اڈپی، 28 / اگست (ایس او نیوز) اڈپی کے نیجارو میں ایک ماں اور اس کے تین بچوں کو بے رحمی سے قتل کرنے کے ملزم پروین چوگلے نے عدالت کے سامنے شکایت پیش کی گئی کہ مجھے 'کوارنٹین قید' میں رکھا گیا ہے اور میں نے کھانا پینا بند کر دیا ہے ۔
خیال رہے کہ کرناٹکا ہائی کورٹ نے اس معاملے کی سماعت پر عبوری روک لگائی ہے اس لئے گزشتہ مرتبہ سیشنس کورٹ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سماعت کے لئے ملزم کو حاضر کرنے کے بعد اگلی سماعت 24 اگست تک کے لئے ملتوی کی گئی تھی ۔ اس وقت ملزم نے جج سے مذکورہ بالا شکایت کی تھی اور کہا تھا کہ مجھے عام جیل خانے میں منتقل کیا جائے ۔
اس پس منظر میں عدالت نے بینگلورو سینٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے عدالت کے سامنے حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی ۔ اس پر عمل کرتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ نے عدالت کے سامنے ویڈیو کے ذریعے حاضر ہو کر بتایا کہ عام جیل میں ملزم پروین چوگلے کے لئے خطرہ ہے اس لئے اسے ایک الگ تھلگ کمرے میں قید رکھا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ملزم نے جان بوجھ کر کھانا پینا چھوڑ رکھا ہے ۔
اس کے رد عمل میں عدالت نے ملزم کو ہدایت دی کہ وہ کھانا پینا بند نہ کرے ۔ جیل سپرنٹنڈنٹ سے کہا کہ ملزم کے معاملات کا پورا خیال رکھے اور ضرورت محسوس ہو تو اس کے لئے طبی سہولت فراہم کی جائے ۔
اس معاملے کی اگلی سماعت 24 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کی گئی ہے ۔