ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی میں ڈاکٹر کے ساتھ آن لائن دھوکہ دہی کرنے والے دو ملزم گرفتار - 13.95 لاکھ روپے ضبط - 1.13 کروڑ روپوں کا لگایا تھا چونا 

اڈپی میں ڈاکٹر کے ساتھ آن لائن دھوکہ دہی کرنے والے دو ملزم گرفتار - 13.95 لاکھ روپے ضبط - 1.13 کروڑ روپوں کا لگایا تھا چونا 

Mon, 26 Aug 2024 18:26:49    S.O. News Service

اڈپی ، 26 / اگست (ایس او نیوز) اڈپی ضلع پولیس کے تحت سائبر اکنامک اینڈ نارکوٹک کرائم (سی ای این) شعبے نے بڑی مستعدی کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے شہر کے ایک ڈاکٹر کے ساتھ آن لائن ٹریڈنگ کا گھپلہ کرنے اور 1.13 کروڑ روپوں کا چونا لگانے والے دو افراد کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے پانچ موبائل فونس اور 13,95,000 لاکھ  روپے نقد برآمد کیے ۔ 
    
گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت سورت گجرات کے رہنے والے ناوڈیا مکیش بھائی (44 سال) اور راجکوٹ کے رہنے والے دھرم جیت کملیش چوہان (28 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔       
    
اڈپی سی ای این پولیس کے پاس ڈاکٹر ارون کمار گووند کرناور کی طرف سے درج کی گئی شکایت کے مطابق  29 جولائی کو ایک نامعلوم شخص نے  موبائل نمبر  919232037584 + سے  اسے فون کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ محکمہ کسٹمز سے  تعلق رکھتا ہے ۔ اس نے ڈاکٹر کمار کو بتایا کہ ایک FedEx کورئیر آیا ہے  جو اس کا آدھار نمبر استعمال کرتے ہوئے بک کیا گیا تھا ۔ اس پارسل میں پانچ پاسپورٹ، پانچ  اے ٹی ایم کارڈز، 200 گرام ایم ڈی ایم اے گولیاں، اور 5000 امریکی ڈالرز موجود ہیں ، اور فی الحال یہ پارسل ممبئی کسٹمز کی تحویل میں ہے۔ 
    
جب ڈاکٹر کمار نے اس معاملے سے اپنا کسی قسم کا تعلق ہونے سے انکار کیا تو کال کرنے والے نے اسے ہاٹ لائن کے ذریعے ایک اعلیٰ افسر سے جوڑا، جس نے اپنا تعارف ایک پولیس افسر کے طور پر کرایا ۔ اس 

نام نہاد افسر نے  ڈاکٹر کو بتایا کہ اس کا آدھار کارڈ متعدد بینک کھاتوں سے منسلک ہے اور مبینہ طور پر دہشت گرد سم کارڈ خریدنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں ۔ اس نے ارون کمار کو "ورچوول گرفتاری" سے خبردار کیا اور اسے 29 جولائی سے 9 اگست تک کسی سے رابطہ کیے بغیر اپنے گھر کے ایک کمرے میں قید رہنے کی ہدایت کی ۔ 
    
اس کے بعد اسے   1,33,81,000 روپے قسطوں میں منتقل کرنے پر مجبور کیا گیا ۔ فریب کاروں کی ہدایت کے مطابق اس نے ایچ ڈی ایف سی بینک سیونگ اکاؤنٹ سے مختلف بینک اکاؤنٹس میں رقم ٹرانسفر کی ۔  
    
ڈاکٹر کی طرف سے شکایت ملنے پر اُڈپی سی ای این پولس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ۔ انسپکٹر رام چندر نائک کی قیادت میں پولیس نے PSI اشوک اور دیگر افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی  جس نے بڑی مستعدی سے کارروائی کی اور اس کے نتیجے میں ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی۔ 
    
 پولیس اس معاملے کی گہرائی سے جانچ کر رہی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے ۔


Share: