اڈپی یکم / اگست (ایس او نیوز) اڈپی ضلع میں موسلا دھار برسات کا سلسلہ برابر جاری ہے جس کی وجہ سے ندیاں ابل کر سڑکوں پر بہنے لگی ہیں اور بہت سارے مقامات پانی میں ڈوب گئے ہیں ۔ اس سے عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔
بارش کی شدت کو دیکھتے ہوئے ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ودیا کماری نے کل 2 اگست کے لئے بھی اسکولوں اور پی یو کالجوں کے لئے چھٹی کا اعلان کیا ہے ۔
اڈپی ضلع انتظامیہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوئی مسلسل بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں ۔ گھروں کے اندر پانی گھس گیا ہے ۔ اڈپی کے علاوہ برہماورا، کنداپور، بیندور، کارکلا اور ہیبری تعلقہ کے کئی گاوں زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور سیلاب کی صورتحال میں پھنس گئے ہیں ۔ ندیوں سے ابلنے والا پانی کملا شیلے میں واقع درگا پورمیشوری مندر کے علاوہ سید شاہ الحمید ولی اللہ کی تاریخی درگاہ کے اندر بھی گھس گیا ہے ۔
موسلا دھار بارش کی وجہ سے مزید علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے جسے دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے عوام سے محتاط اور چوکنا رہنے کی اپیل کی ہے ۔ اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں 24x7 ایمرجنسی سروس کنٹرول روم نمبر 2574802 - 0820 ڈائل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔