پیرس،9اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)عبوری منیجر کے طور پر گیرتھ ساتھگیٹ کے پہلے میچ میں ہی انگلینڈ نے مالٹا کو 2-0سے شکست دی جبکہ سابق چمپئن جرمنی نے بھی 2018ورلڈ کپ کوالیفائر میں جمہوریہ چیک کو 3-0سے شکست دی۔ویمبلے اسٹیڈیم میں 82000شائقین کی موجودگی میں انگلینڈ کی جانب سے ڈینیل ا سٹرج اور ڈیلے علی نے گول داغے جس سے انگلینڈ نے گروپ ایف میں مسلسل دوسری جیت درج کی۔ٹیم نے پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پر دو پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی ہے۔دوسری طرف جرمنی نے ہیمبرگ میں گروپ سی میں اپنی مہم کا آغاز چیک جمہوریہ کے خلاف جیت کے ساتھ کیا۔جرمنی کی جانب سے تھامس میولر نے دو جبکہ ٹونی کروز نے ایک گول کیا۔دیگر میچوں میں سلووینیا نے سلوواکیہ کو 1-0سے شکست دی جبکہ اسکاٹ لینڈ نے متبادل جیمز میک آرتھر کے 89ویں منٹ میں داغے گول کی بدولت لتھوانیا کو 1-1سے برابری پر روکا۔