ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انکولہ گنگاولی ندی سے گم شدہ لاری اور ڈرائیور ارجن کے باقیات برآمد

انکولہ گنگاولی ندی سے گم شدہ لاری اور ڈرائیور ارجن کے باقیات برآمد

Wed, 25 Sep 2024 17:44:44    S.O. News Service

انکولہ 25 / ستمبر (ایس او نیوز) گزشتہ دو مہینے قبل انکولہ تعلقہ کے شیرور میں پیش آئے چٹان کھسکنے کے حادثے کے بعد لاپتہ ہوئی ٹاٹا بینز لاری اور کیرالہ کے رہنے والے ڈرائیور ارجن کے باقیات گنگاولی ندی سے بازیافت ہوئے ۔
    
خیال رہے کہ بھاری برسات کے دوران 16 جولائی کو انکولہ میں شیرور کے قریب نیشنل ہائی وے 66 پر  پہاڑی کھسکنے کا المناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں 11 افراد کی جان گئی تھی ۔ ان میں سے آٹھ لاشیں بازیافت ہوئی تھیں اور بقیہ جگن ناتھ نائک، لوکیش نائک نامی دو مقامی افراد اور ایک کیرالہ کے لاری ڈرائیور ارجن کی لاش ہاتھ نہیں لگی تھی ۔
    
اس سے قبل 28 جولائی میں گم شدہ لاری اور تین افراد کی تلاشی مہم بڑے زبردست پیمانے پر چلائی گئی تھی مگر  تیز بارش، گنگاولی ندی میں سیلاب اور تیز بہاو کے ساتھ  نامساعد حالات کی وجہ سے اسے روک دیا گیا تھا ۔    
    
پچھلے چھ دنوں سے تلاشی مہم دوبارہ  شروع کی گئی تو تیسرے مرحلے میں لاری اور ڈرائیور ارجن کی لاش کے باقیات ندی سے باہر نکالنے میں کامیابی ملی ۔
    
آج صبح ڈریجنگ مشین کے ذریعے کھدائی دوران لاری کے کچھ فاضل حصے ہاتھ لگے پھر اس کے بعد پوری لاری کی نشاندہی کر لی گئی اور اسے کرین کے ذریعے اوپر نکالا گیا ۔ اس کے علاوہ انسانی جسم کے بہت سارے باقیات ملنے کی بات کہی گئی ہے ۔ اتوار کے دن ایک انسانی ہڈی ڈریجنگ کے دوران جو ملی تھی اسے ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے روانہ کر دیا گیا ہے  تا کہ اس بات کی تصدیق ہو سکے کہ وہ ہڈی گم شدہ افراد میں سے کس کی ہے ۔

     ضلع انتظامیہ کے افسران اور مقامی ایم ایل اے ستیش سئیل کی نگرانی میں ندی سے بقیہ گم شدہ افراد کے لئے تلاشی مہم کی کارروائی انجام دی جا رہی ہے ۔  


Share: