بھٹکل 21 / ستمبر (ایس او نیوز) اتر کنڑا کے انکولہ تعلقہ شیرور کے قریب دو مہینے قبل پہاڑی کھسکنے کا جو المناک حادثہ پیش آیا تھا اس میں لاپتہ ہوئے ٹرک کا آج سنیچر کو پتہ چل گیا ہے ۔
خیال رہے کہ پہاڑی کھسکنے کے ہولناک حادثے کے بعد کیرالہ سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور ارجن اور اس کے ٹرک کی گم شدگی ایک معمہ بن کر رہ گئی تھی اور اب تک ڈرائیور اور ٹرک کو ڈھونڈ نکالنے کی تمام کوششیں ناکام ہوگئی تھیں ۔
آج سنیچر کو لاپتہ ٹرک کو ڈھونڈنکالنے کے لئے تیسری کوشش شروع کی گئی ، جس کے دوران تلاشی مہم میں حصہ لینے والے ماہر غوطہ خور ایشور ملپے کی ٹیم کو اب کہیں جا کر گنگاولی ندی کے اندر ڈوبے ہوئے ٹرک کا پتہ لگانے میں کامیابی مل گئی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ ایشور ملپے کی ٹیم نے ندی کی تہہ میں پڑے ہوئے ٹرک کے ٹائروں کو رسیاں باندھ دی ہیں۔ اگلی کاروائی کے طور پر فائر سروس سمیت این ڈی آر ایف اور ایچ ڈی آر ایف سے متعلقہ افسران و عملہ کی طرف سے ٹرک کو ندی سے باہر کھینچ نکالنا باقی ہے ، جس کی تیاریاں کی جا رہی ہیں ۔
یاد رہے کہ 16 جولائی کو زوردار بارش کے دوران پہاڑی کھسکنے کے اس حادثے میں 11 لوگ ہلاک ہوگئے تھے، جن میں سے اب تک 8 کی لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں۔ لاپتہ لاری کا پتہ لگانے کے لئے دو مرتبہ سرچ آپریشن چلایا گیا تھا، مگر لاری اور اس کے ڈرائیور ارجن کا کوئی پتہ نہیں چل پایا تھا، اب تیسرے سرچ آپریشن کے لئے گوا سے مشین بردار کشتی اور بوٹ کو منگوایا گیا تھا اور آج صبح ہی تیسرا آپریشن شروع کیا گیا۔
ڈریجنگ کرنے والی مشین کے ذریعے ندی کی تہہ میں جمع مٹی، پتھر اور دیگر کچروں کا ڈھیر ہٹانے کے دوران لاپتہ لاری ندی کی تہہ میں اُلٹی حالت میں پائی جانے کی بات سامنے آئی ہے۔