دھارواڑ 25؍دسمبر (ایس او نیوز)مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے نے دستور ہندکو بدلنے اور سیکیولرسوچ والوں کو اپنے ماں باپ کا پتہ نہ ہونے کا جو متنازعہ بیان دیا ہے اس کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ اننت کمار دوہرے چہرے والی شخصیت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے دھارواڑ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس کو امبیڈ کر کے وضع کردہ دستور کے تعلق سے کبھی بھی احترام نہیں رہا ہے۔ اس دستور کو بدلنا آر ایس ایس کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔ یکساں سول کوڈوضع کرنا، رام مندر کی تعمیر کرنا وغیرہ ان کے ایجنڈے ہیں ۔ اننت کمار کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ ان کے جیسی نچلی سطح پر جاکر کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتا۔اننت کمار کی زبان یہ بتاتی ہے کہ ان کی تہذیب کیا ہے ۔ ہماری اپنی ایک تہذیب ہے ۔ہمیں پارلیمانی زبان اور ثقافت کا علم ہے۔ انہوں نے نہایت برہمی سے کہا کہ اننت کمار پنچایت رکن بننے کے بھی قابل شخص نہیں ہے۔