ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اندرا کینٹین اسکیم کو ناکام بنانے کی سازش میئر نے بی بی ایم پی کے شعبہ صحت کے سوپر وائزر کو معطل کردیا

اندرا کینٹین اسکیم کو ناکام بنانے کی سازش میئر نے بی بی ایم پی کے شعبہ صحت کے سوپر وائزر کو معطل کردیا

Sun, 27 Aug 2017 11:11:35    S.O. News Service

بنگلورو،26/اگست(ایس او نیوز) ریاستی حکومت نے کم قیمتوں میں غریب طبقہ اور مزدور پیشہ افراد کے لئے ناشتہ اور کھانا فراہم کرنے کے مقصدسے اندرا کینٹین اسکیم شروع کی ہے، یہ اسکیم مقبول ہورہی ہے۔لیکن بروہت بنگلور مہانگر پالیکے( بی بی ایم پی) کے چند افسران اس اسکیم کو بدنام کرنے کی سازشیں کرنے لگے ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ حال ہی میں سبرامنیا نگر میں پانی کی سربراہی نہ ہونے کا بہانہ بناکر وہاں کی اندرا کینٹین کوبند کردیاہے۔ مےئر جی پدماوتی نے بی بی ایم پی شعبہ صحت کے ہیلتھ سوپر وائزر ناگیش کو ملازمت سے معطل کردیاہے۔ مےئر نے کینٹین میں دستیاب کھانے کی فراہمی کے انتظامات اور لوگوں سے تجاویز حاصل کرنے کے مقصدسے اچانک سبرامنیا نگر میں واقع اندرا کینٹین کا دورہ کیا اور وہاں کینٹین پر پڑے تالے کو دیکھ کر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے فوری ہیلتھ سوپر وائزرناگیش کو موقع پر طلب کرکے کینٹین نہ کھولنے کی وضاحت طلب کی۔ناگیش نے بتایا کہ پانی کی سربراہی نہ ہونے کی وجہ سے کینٹین نہیں کھولی گئی ، اس وضاحت پر مےئر نے ناگیش کو آڑے ہاتھوں لیا اور ملازمت سے معطل کرکے اس کے خلاف کارروائی کے لئے بی بی ایم پی کمشنر ایم منجوناتھ پرساد کو دحکم دیاہے۔ مےئر جی پدماوتی نے بتایا کہ حکومت نے تقریباً100کروڑ روپئیوں کو خرچ کرتے ہوئے اندرا کینٹین اسکیم کو شروع کی ہے اور ان کینٹینوں میں تمام سہولتیں بھی مہیا کی ہیں۔ لیکن چند بی بی ایم پی افسران اس اسکیم کو ناکام کرنے کے لئے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں انہیں شکایتیں بھی موصول ہونے لگی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں پہلے مرحلہ میں کھولے گئے101کینٹینوں کو ہرحال میں ہردن کھولناپڑے گا۔ افسران کی جانب سے کوئی بھی بہانانہیں چلے گا۔ غریب افراد بھوکے نہ سوئیں یہی حکومت اور بی بی ایم پی کا اہم مقصدہے۔ مےئر نے بتایا کہ اندرا کینٹین کی مقبولیت سے بی جے پی بھوکلاگئی ہے اور اس اسکیم کو بدنام کرنے کے لئے باورچی خانوں میں کھانے میں جھینگر ڈالے جانے کا بھی خطرے ہے۔ اس لئے کانگریس کارکنوں کو چاہئے کہ وہ اندرا کینٹینوں پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ حال ہی میں سبرامنیا نگر میں موجود اندرا کینٹین پہنچ کر وہاں کے حالات کا جائزہ لیاتھا۔ برتنوں کی صفائی نہ ہونے اور کھانے کے پلیٹ کی اچھی طرح سے صفائی نہ ہونے پر انہوں نے کینٹین کے سوپر وائزر اور ملازمین پر ناراضی جتاتے ہوئے انہیں وارنگ بھی دی تھی کہ یہاں آنے والے غریب گاہکوں کو بہترسے صاف کئے گئے برتنوں اور پلیٹوں میں کھاناتقسیم کریں۔ مےئر جی پدماوتی نے سخت الفاظ میں کہا کہ کینٹینوں کو بدنام کرنے والے افسران کی جانب سے کسی بھی طرح کی بہانہ بازی کو وہ برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کینٹینوں میں ناشتے کے لئے250دوپہر اور رات کے کھانے کے لئے500افراد کے کھانے کا انتظام کیاگیاہے۔ لیکن اس سے زیادہ تعدادمیں لوگ کینٹین پہنچ رہے ہیں۔ اس کو مدنظر رکھ کرکینٹینوں کے لئے سربراہ کی جانے والی غذائی اشیاء کی مقدار میں اضافہ کے لئے بہت جلد وزیراعلیٰ سے گزارش کریں گے۔ 


Share: