ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امریکہ: تعطیلات کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

امریکہ: تعطیلات کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

Sun, 24 Dec 2017 20:22:59    S.O. News Service

اسلام آباد 24 دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )امریکہ میں رواں سال سالانہ تعطیلات کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جسے ماہرین امریکی معیشت کے لیے اچھی علامت قرار دے رہے ہیں۔امیریکن آٹو موبیل ایسوسی ایشن (اے اے اے) کی جانب سے ہر سال جاری کردہ اندازے کے مطابق دسمبر کے اختتامی اور آئندہ سال کے ابتدائی چند روز کے دوران سالانہ چھٹیوں کے موقع پر 10 کروڑ 70 لاکھ سے زائد امریکی سڑک، ریل اور ہوائی جہازوں کے ذریعے اپنے آبائی علاقوں، تفریحی مقامات اور دیگر علاقوں کا سفر کریں گے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود رواں سال سالانہ تعطیلات کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 1ء 3 فی صد زیادہ رہنے کا امکان ہے۔'اے اے اے' کے مطابق امریکہ میں یہ مسلسل نواں سال ہے جب سال کے اختتام پر تعطیلات کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 2005ء سے سالانہ تعطیلات کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد میں 25 فی صد کی شرح سے لگ بھگ ڈھائی کروڑ افراد کا اضافہ ہوا ہے۔'اے اے اے' کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس سال کرسمس اور سالِ نو کے موقع پر نو کروڑ 74 لاکھ امریکی سڑک کے ذریعے مختلف مقامات کا سفر کریں گے۔

لگ بھگ ساڑھے 64 لاکھ افراد اپنی تعطیلات اہلِ خانہ یا دوست احباب کے ساتھ یا کسی تفریحی مقام پر گزارنے کے لیے ہوائی جہاز سے سفر کریں گے جب کہ 36 لاکھ افراد سفر کے لیے ٹرینوں، بسوں یا کروز شپس کا انتخاب کریں گے۔لیکن اس بار بھی تعطیلات کے دوران سفر کرنے والے بہت سے افراد اپنی چھٹیاں اپنے اہلِ خانہ یا رشتے داروں کیساتھ گزارنے نہیں جارہے۔

رپورٹ کے مطابق مسلسل دوسرے سال بھی فلوریڈا کا شہر اورلینڈو اور کیلی فورنیا کا شہر ایناہائم تعطیلات کے دوران سفر کرنے والوں کی سرفہرست منازل میں شامل ہیں۔ ان دونوں شہروں میں ڈزنی کے مشہورِ زمانہ 'تھیم پارک' 150 والٹ ڈزنی ورلڈ اور ڈزنی لینڈ 150 واقع ہیں۔اپنی تعطیلات تفریحی مقامات پر گزارنے کے خواہش مند امریکیوں کی اس سال سرِ فہرست منازل میں میکسیکو کا شہر کینکن، جزیرہ ہوائی، جمیکا، ڈومینیکن ری پبلک اور ریاست فلوریڈا کے کئی مقامات شامل ہیں جہاں دسمبر کے ان ایام میں بھی موسم خاصا معتدل ہوتا ہے۔

رواں سال تفریحی مقامات پر چھٹیاں گزارنے کے خواہش مند امریکیوں کی ٹاپ 10 منازل میں صرف ایک سرد مقام 150 نیویارک شہر 150 ہے جو فہرست میں دسویں نمبر پر ہے۔


Share: