نئی دہلی ،17؍نومبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )الیکشن کمیشن نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی قیادت والے جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو)کو تسلیم شدہ قرار دیا ہے۔کمیشن نے جمعہ کو اس معاملے میں جد یو کے باغی لیڈر شرد یادو کی قیادت والے گروپ کے پارٹی کے انتخابی نشان پر دعوے کو مسترد کرتے ہوئے نتیش کمار کے گروپ کو ہی حقیقی جے ڈی یو بتایا ہے۔پارٹی کے انتخابی نشان پر دعوے کو لے کر نتیش کمارگروپ اور شرد یادوگروپ کی عرضی پر دونوں اطراف کی سماعت کے بعد کمیشن نے اپنے حکم میں کہا کہ نتیش گروپ کے پاس پارٹی اراکین کی مکمل حمایت حاصل ہے۔کمیشن کے اس حکم کے ساتھ ہی بہار میں ریاستی سطح پر منظور شدہ جے ڈی یو پر نتیش گروپ کے دعوے کی تصدیق ہو گئی۔بہار میں حکمران نتیش گروپ کی طرف سے مرکز میں حکمران این ڈی اے اتحاد کو حمایت دینے کی مخالفت میں شرد گروپ نے پارٹی سے بغاوت کر دی تھی۔بہار میں اسمبلی انتخابات سے پہلے جے ڈی یو، کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل کے ساتھ بنے مہاگٹھ بندھن کو نتیش کی طرف سے توڑ کر این ڈی اے اتحاد میں شامل ہونے کی شردگروہ مسلسل مخالفت کر رہا ہے۔گجرات سے جے ڈی یو ایم ایل اے چھوٹوبھائی بساوا کے نام سے کمیشن میں شرد گروپ نے عرضی دائر کر پارٹی کا انتخابی نشان’تیر کا نشان‘ان گروہ کو تفویض کرنے کی درخواست کی تھی۔دونوں فریقوں کی دلیلیں سننے کے بعد کمیشن نے پارٹی کے قانون سازی پارٹی کی مکمل حمایت نتیش گروپ کے حق میں ہونے کی بنیاد پر ریاستی سطح کی پارٹی کے طور پر منظور شدہ جے ڈی یو کے انتخابی نشان کے استعمال کے لئے نتیش گروپ کومنظور شدہ بتایا۔سماعت کے دوران شرد گروپ نے کمیشن کے سامنے پارٹی میں تنظیم کے عہدیداروں اور ریاستی اکائیوں کی حمایت ہونے کا دعوی کرتے ہوئے ان کی قیادت والے گروپ کو حقیقی جے ڈی یو بتایا۔کمیشن نے حکم میں کہا کہ جد یو کے صدر نتیش کمار کو پارٹی کی بہار صوبہ یونٹ اور پارٹی اراکین کی حمایت حاصل ہے۔کمیشن نے نتیش گروپ کی اس دلیل کو صحیح مانا کہ جے ڈی یو بہار کی رجسٹرڈ پارٹی ہے اور اسی ریاست میں پارٹی حکمران بھی ہے، لہٰذا دیگر ریاستوں کے بجائے پارٹی کی بہار یونٹ اور پارٹی اراکین کی حمایت والے گروپ کو ہی پارٹی کا اصل گروپ مانا جائے ۔