کابل،12اپریل(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)شمالی افغان صوبے قندوز میں ناکارہ خیال کیے گئے مارٹر گولے کے اچانک پھٹ جانے سے چار بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔ علاقائی پولیس کے ترجمان محفوظ اکبری کے مطابق بچوں کا ایک گروپ طالبان کی جانب سے داغے گئے اْس گولے سے کھیل رہا تھا، جو پھٹ نہیں سکا تھا۔ بچے اِس گولے کو ادھر اْھر پھینک رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہو گیا۔ اس گولے کے پھٹنے سے کھیلنے والے دیگر چھ بچے شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں صوبائی دارالحکومت کے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ افغانستان میں مسلح تنازعے کی وجہ سے جا بجا ایسا گولہ بارود بکھرا ہوا جو ابھی تک پھٹ نہیں سکا ہے۔