ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / اطالوی کوسٹ گارڈز نے 1300 سے زائد مہاجرین کو بچا لیا

اطالوی کوسٹ گارڈز نے 1300 سے زائد مہاجرین کو بچا لیا

Fri, 07 Apr 2017 18:26:00    S.O. News Service

روم،7اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اطالوی کوسٹ گارڈز اور امدادی اداروں نے بارہ مختلف آپریشنز کے ذریعے ساڑھے تیرہ سو تارکین وطن کو بحیرہء روم کی موجوں کی نذر ہونے سے بچا لیا۔ اس دوران ایک کشتی پر ایک شخص کی لاش بھی ملی۔کوسٹ گارڈز کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ یہ تمام آپریشنز لیبیا کی سمندری حدود کے قریب کھلے سمندروں میں 25 کلومیٹر کے علاقے میں کیے گئے، جن میں ایک بڑی، پانچ درمیانی اور چھ چھوٹی کشتیوں کو ان میں سوار انسانوں کے ساتھ بچا لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایک کشتی سے ایک تارک وطن کی لاش بھی برآمد ہوئی۔سرچ اور ریسکیو کی یہ کارروائیاں اطالوی کوسٹ گارڈ کی نگرانی میں ہوئیں، جب کہ ان کارروائیوں میں سی واچ اور پروایکٹیوا اوپن آرمز نامی غیرسرکاری امدادی اداروں نے بھی حصہ لیا۔
کوسٹ گارڈز کے ترجمان کے مطابق امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، تاہم ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ بچائے گئے تارکین وطن کو کہاں پہنچایا گیا۔گزشتہ برس مارچ میں یورپی یونین اور ترکی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے بعد بحیرہء  ایجیئن عبور کر کے یونان پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی ہے، تاہم شمالی افریقی ممالک خصوصا? لیبیا سے سینکڑوں افراد روزانہ کی بنیاد پر انتہائی خطرناک راستہ استعمال کرتے ہوئے اٹلی پہنچ رہے ہیں۔
گزشتہ برس بحیرہء روم کے راستے اطالوی جزائر کا رخ کرنے والے تارکین وطن کی تعداد ایک لاکھ اکیاسی ہزار رہی تھی،تاہم رواں برس اس میں  نمایاں اضافے کا خدشہ ہے۔ اطالوی حکام کے مطابق رواں برس اب تک گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران اٹلی پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں تیس فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔اطالوی حکومت نے اسی تناظر میں لیبیا کے متعدد قبائل سے معاہدہ بھی کیا ہے تاکہ وہ ملک کی جنوبی سرحدوں کو محفوظ بنائیں اور افریقی مہاجرین کو ملک میں داخلے سے روکیں۔ تاہم لیبیا میں کسی فعال حکومت کی عدم موجودگی کی وجہ سے لیبیا کی سرزمین انسانوں کے اسمگلروں کی مضبوط آماج گاہ میں تبدیل ہو چکی ہے۔
 


Share: