بنگلورو،21؍دسمبر (ایس او نیوز) راہل گاندھی کے پارٹی کے صدر منتخب ہونے سے کانگریس میں ایک نئی جان پیدا ہوگئی ہے۔کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی ( کے پی سی سی ) صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے آج یہ بات کہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گجرات انتخابات کے بعد امیدہے کہ کرناٹک کے اسمبلی انتخابات میں راہل کی سحر انگیزی کام کرے گی۔گجرات انتخابات کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے پرمیشور نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ کرناٹک میں بھی گاندھی کی قیادت اثر دکھائے گی۔ اس تبدیلی کا آغاز گجرات سے ہوا ہے ۔ گجرات میں بی جے پی نے مسلسل چھٹی مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے ۔ حالانکہ سیٹوں کی تعداد گھٹی ہے۔اسمبلی کے 182سیٹوں میں سے بی جے پی صرف99سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی جبکہ کانگریس کے کھاتے میں 77سیٹوں کے ساتھ16؍سیٹوں کا اضافہ ہوا ہے ۔کے پی سی سی صدر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ گجرات میں بی جے پی نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے معاملے میں لوگوں کوگمراہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس قیادت میں تبدیلی سے ملک کی سیاست میں بھی تبدیلی ضرور آئے گی۔پرمیشور نے دعویٰ کیا کہ راہل پارٹی کی صدارت سنبھالتے ہی پارٹی میں ایک نئی جان آگئی ہے ۔کے پی سی سی صدر نے کولار ضلع کے ملباگل اور مالور اسمبلی حلقہ سے آج اپنے دورہ کا آغاز کیا ۔ پچھلے اسمبلی انتخابات میں جن100؍حلقوں میں کانگریس کو شکست ہوئی تھی ان میں یہ دو حلقے بھی شامل ہیں ۔