شہری جمعیۃ کے ذمہ داروں نے کیا مختلف علاقوں کا دورہ
کانپور،3نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ملک کی تاریخ کا اہم حصہ بننے والا جمعیۃ علماء ہندکا تینتیسواں اجلاس عام میں کانپور سے بڑی تعداد کی شرکت کولے کر آج جمعیۃ علماء شہر کانپور کے ذمہ داران نائب صدور،ڈاکٹر حلیم اللہ خاں، مولانا نور الدین احمد قاسمی ، مولانا محمد انیس خاں قاسمی ، سکریٹریان مولانا محمد اکرم جامعی ،حامد علی انصاری ،قاری عبد المعید چودھری، مولانا انیس الرحمان قاسمی رکن، مفتی اسعد الدین قاسمی نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ انہوں نے بتلایا کہ کانپور میں اجمیر اجلاس کے لئے بڑا جوش پایا جا رہا ہے اور اس کو وقت کی اہم ضرورت اور جمعیۃ علماء ہند کا اہم قدم مانا جا رہاہے۔ دوران ملاقات عوام وخواص نے پاسبان اسلام جانشین فدائے ملت مولانا سید محمود اسعد مدنی مدظلہ‘ کے اس اقدام کو بروقت بتلاتے ہوئے کہاکہ جب حکومتیں اور عالمی طاقتیں مسلمانوں کو باہم دست گریباں کرکے اپنے مفادات حاصل کرنے میں لگی ہیں ۔ مولانا سید محمود مدنی کا یہ اقدام اور اجمیر کا انتخاب اور تمام مسالک اور خانقاہوں کے سجادگان کو دعوت ایک انقلابی فیصلہ ہے ۔ لوگوں نے اپنے اس تاثراور دردکا اظہار کیا کہ اس اہم ترین پیغام کے موقع پر کسی بھی تنظیم کو ان تاریخوں میں کوئی اجلاس نہیں رکھنا چاہئے ایک دو دن آگے پیچھے پروگرام رکھتے لیکن افسوس بعض لوگ ملت سے زیادہ اپنا مفاد عزیز رکھتے ہیں اللہ سب کو ہدایت دے ۔ آج مذکوہ علماء نے پٹکاپور، طلاق محل، چمن گنج، میر پور، ریل بازار، فیتھفل گنج وغیرہ علاقہ کا دورہ کیا ۔ انہوں نے بتلایا کہ کانپور سے بڑی تعداد ٹرینوں،فور ویلراور متعدد بسوں سے گیارہ نومبر کی شام کو روانہ ہوں گے۔