میرٹھ، 27؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )دیوالی کے تہوار کے پیش نظر یوپی ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین کی چھٹیوں 7؍ نومبر تک روک لگادی گئی ہیں اور 28؍اکتوبر سے 4؍نومبر تک مسلسل ڈیوٹی کرنے پر ورکشاپ اہلکاروں کو 8 سو روپے کی حوصلہ افزائی رقم دی جائے گی۔کارپوریشن کے علاقائی مینیجر منوج کمار پنڈ یر نے بتایا کہ فوری اثر سے لاگو پابندیوں کے احکامات 7؍نومبر تک نافذ رہیں گے۔اس دوران غائب رہنے والے باقاعدہ اور کنٹریکٹ ملازموں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔اس کے ساتھ ہی اتر پردیش ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن انتظامیہ نے 28؍اکتوبر سے 4؍نومبر تک مسلسل ڈیوٹی کرنے پر ورکشاپ اہلکاروں کو آٹھ سو روپے حوصلہ افزائی کے طورپر دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کلومیٹر کی بنیاد پر حوصلہ افزائی الاؤنس دیا جائے گا۔اتر پردیش ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے علاقائی مینیجر نے میڈیا کو آج بتایا کہ ہیڈکوارٹر کی طرف سے جاری حوصلہ افزائی کی اسکیم کے تحت سات دن ڈیوٹی کرنے پر سات سو روپے ملیں گے۔انہوں نے بتایا کہ 28؍اکتوبر کو دھن تیرس پھر دیوالی اور پھر بھیا دوج ہے۔اس دوران مسافروں کی تعداد میں کافی اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے یہ انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔اس مدت میں دہلی، غازی آباد، نوئیڈا، مظفر نگر، بجنور وغیرہ جانے والی روڈویز بسوں کے پھیرے بڑھائے جا رہے ہیں اور دہلی، آنند وہار سمیت تمام بس اڈوں پر بسوں کی آمدورفت پر نگرانی کے لیے ملازمین کی خصوصی تعیناتی کی گئی ہے۔علاقائی سروس مینیجر ایس ایل شرما نے بتایا کہ دیوالی پر مسافروں کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے کارپوریشن کی 100فیصد بسوں کو سڑک پر اتارا جا رہا ہے اور اس کے لیے علاقے کے میرٹھ، سہراب گیٹ، بڑوت اور گڑھ ڈپو فارمینوں کو سخت ہدایات دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ راستے میں بریک ڈاؤن کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ورکشاپ اہلکاروں کے دستے قائم کئے گئے ہیں، جو اطلاع ملنے پر فورا موقع پر پہنچیں گے۔