احمد آباد،24؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)گجرات انتخابات ختم ہونے کے بعد پاٹیدار ریزرویشن تحریک کے لیڈر ہاردک پٹیل بی جے پی حکومت کے خلاف اپنی تحریک کومزیر تیز کرنے کے لئے اب تشہیرکاروں کی ٹیم تیار کریں گے۔ ہاردک ان تشہیرکاروں کی ٹیم کا قیام راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس)کی طرز پر کریں گے۔پاٹیدار انامت تحریک کمیٹی (پی اے اے ایس)کے کنوینر ہاردک شروع میں 2490 تشہیرکاروں کی ٹیم کی تشکیل کریں گے۔ یہ سبھی تشہیرکار پوری ریاست میں گھوم کر شہریوں کے حقوق اور حکومت کی پالیسیوں کو نافذ کرانے میں غلطیوں کو لے کر بیداری مہم چلائیں گے۔ ہاردک خاص طورپر شہری علاقوں پر اپنی توجہ مرکوز کریں گے، جہاں پاٹیداروں نے بی جے پی کے خلاف بڑی تعداد میں ووٹ نہیں کیا تھا۔ہاردک نے بتایاکہ شروعات میں ہم گجرات کے ہر بلاک میں 256 لوگوں کی ٹیم بنائیں گے۔ یہ ٹیم مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومتوں کے خلاف مہم کو تیز کرے گی۔ میں نے شہری نوجوانوں پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے سوشل میڈیا کمپینرس کی ٹیم بھی بنائی ہے۔واضح رہے کہ2015میں ریزرویشن تحریک شروع کرنے سے پہلے ہاردک خود آر ایس ایس اور وی ایچ پی جیسے دائیں بازوں کی تنظیموں سے جڑے ہوئے تھے۔ اب وہ بی جے پی کو اسی کے انداز میں ٹکر دینا چاہتے ہیں۔ پی اے اے ایس کے ایک ذرائع نے بتایاکہ ہمارے زیادہ تر رکن پہلے بی جے پی یا آر ایس ایس سے منسلک تھے اس لئے ہمیں اچھے سے پتہ ہے کہ ان سے کیسے لڑنا ہے۔گجرات آر ایس ایس چیف مکیش ملکان نے کہاکہ'اگرکوئی ہمارے کام کرنے کے طریقوں کی پیروی کرتا ہے تو یہ تو خود ان کے لئے ہی بہت اچھی بات ہے۔ ہاردک اب چھوٹا بچہ ہے. ایک بار اس نے ہمارے طریقہ کار کی پیروی کرنا شروع کر دیا تو وہ سنتوں کی طرح برتاؤ کرنے لگے گا۔ یہ اس کے لئے بہت اچھی بات ہے۔