کاسرگوڑ؍کیرلہ ، 14؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )جنوبی ہند کی ریاست کیرالہ سے لاپتہ ایک نوجوان جس کے بارے میں اندیشہ ظاہرکیا گیا تھا کہ وہ اسلامک اسٹیٹ میں شامل ہو گیا ہے، وہ افغانستان میں مبینہ طور پر ایک ڈرون حملہ میں مارا گیا۔انڈین یونین مسلم لیگ(آئی یو ایم ایل )کے ایک لیڈر عبد الرحمان نے پاڈنا میں بتایا کہ ضلع کے پاڈنا کا باشندہ مرشد محمد افغانستان کے نان گرہر صوبے میں ایک ڈرون حملے میں مارا گیا۔سماجی کارکن عبدالرحمان نے بتایا کہ انہیں کل یہ پیغام سوشل میڈیا ایپ ٹیلی گرام پر ملا ہے ۔عبدالرحمان نے میڈیا کو آج فون پر بتایاکہ صحیح تاریخ کا ابھی تک علم نہیں ہو سکا ہے، پیغام عام ذریعہ سے نہیں آیا تھا،مجھے زیادہ معلومات نہیں ملی۔مرشد ریاست کے ان 21دیگر لوگوں میں شامل تھا ،جو مبینہ طور پر گزشتہ سال مغربی ایشیا کے سفر کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے اور ان کے بارے میں اندیشہ تھا کہ وہ شام میں دہشت گرد تنظیم سے جڑ گئے ہیں۔حالانکہ پولیس نے خبر کی تصدیق نہیں کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہے۔دو ماہ قبل ایک اور نوجوان ٹی کے حفیص الدین (24)کی بھی افغانستان میں ایک ڈرون حملے میں موت ہو گئی تھی،وہ بھی پاڈنا کا رہنے والا تھا۔