رائے پور ،25؍ فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع میں نکسلیوں کی طرف سے آج آئی ای ڈی کے ذریعے کئے گئے دھماکے میں چھتیس گڑھ مسلح فورسز(سی اے ایف )کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔زخمیوں میں ایک اسسٹنٹ پلاٹون کمانڈر بھی شامل ہے۔پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ ترلاگڈا اور تارود گاؤں کے قریب جنگلات میں ہوا ہے۔واقعہ کے وقت سی اے ایف کی 12 ویں بٹالین کی ایک ٹیم علاقے میں اپنی مہم چلا رہی تھی۔دو اہلکاروں کی شناخت اسسٹنٹ پلاٹون کمانڈر پر سنگھ اور کانسٹیبل بھونیشوریادوکے طور پر ہوئی ہے۔حکام نے بتایا کہ جنگل میں سنگھ اور یادو نے ایک دیسی بم پر پاؤں رکھ دیا جس سے وہ پھٹ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں جائے حادثہ سے ہٹا لیا گیا ہے اور اضافی فورس بھیج دی گئی ہے۔