کانپور،3نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)آئی آئی ٹی کانپور میں سائنس اینڈ ٹکنالوجی ریسرچ پارک بنایا جائے گا۔اس پارک کی مدد سے دیگر تعلیمی اداروں، تحقیقی اداروں اور کمپنیوں کو ریسرچ کے لئے پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔اس کیلئے مرکزی حکومت سے 70 کروڑ روپے کا بجٹ مختص ہو چکا ہے۔اس پارک کی تعمیر میں تین سے پانچ سال کا وقت لگ سکتا ہے۔آئی آئی ٹی کانپور کے ڈائریکٹر:پروفیسر اندرنیل مننا نے بتایا کہ اس ریسرچ پارک کا سنگ بنیاد وارت برائے فروغ انسانی وسائل کے سیکرٹری ونے شیل اوبرائے کے ذریعہ رکھا جا چکا ہے۔اب اس سائنس اینڈ ٹکنالوجی ریسرچ پارک کی تعمیر آئی آئی ٹی کانپور کے کیمپس میں شروع ہوگی۔اس ریسرچ پارک کا سیٹلائٹ سینٹر آئی آئی ٹی کے نوئیڈا کیمپس میں قائم کئے جانے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس ریسرچ پارک سے کئی سرکاری کمپنیوں نے جڑنے کا بھروسہ دلایا ہے۔اس ریسرچ پارک میں لیبوریٹری، لائبریری، ٹکنالوجی اور ڈیولپمنٹ سے متعلق ہر وہ سہولت ہوگی جو بڑی کمپنیوں کے پروڈکٹ ریسرچ میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔