بنگلور، 5اپریل (ایس او نیوز )کرناٹک ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کی جانب سے 362گزیٹیڈ پروبیشنری افسروں کی تقرری پر روک لگادی ہے ۔چیف جسٹس ایس کے مکرجی کی زیر قیادت بنچ نے رینوکمبا اور دیگر کی جانب سے داخل کردہ مفاد عامہ کی عرضی پر ردعمل ظاہر کیا۔ عرضی گذاروں نے تقررنامے کی اجرائی پر روک لگانے کے اے ٹی کے احکام کو چیلنج کیا تھا۔ 2011ء میں کرناٹک پبلک سروس کمیشن نے 362گزیٹیڈ پروبیشنری افسروں کی تقرری کی تھی تاہم بڑے پیمانے پر رشوت خوری کی شکایات کے بعد ریاستی حکومت نے تقرری کو منسوخ کردیا تھا۔کرناٹک ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل نے مایوس امیدواروں کی اپیل کے بعد ریاستی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ منتخب امیدواروں کا انتخاب کیا جائے کیو ں کہ ان کے انتخاب میں کوئی رشوت خوری نہیں ہوئی ۔ریاستی حکومت کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ وہ اس کے خلاف کوئی اپیل نہ کرے اور تقرر نامے جاری کردے کیوں کہ بیشتر محکمہ جات اسٹاف کی کمی کا سامنا کررہے ہیں۔تاہم ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت سے خواہش کی کہ تقرر نامے جاری نہ کریں ' افرادی قوت کی کمی کچھ وقت تک جاری رہے گی۔