ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گجرات میں سیلاب جیسی صورتِ حال، مزید 9 افراد ہلاک

گجرات میں سیلاب جیسی صورتِ حال، مزید 9 افراد ہلاک

Thu, 29 Aug 2024 10:56:04    S.O. News Service

احمد آباد ، 29/اگست (ایس او نیوز /ایجنسی)  گجرات میں بارش سے متعلق واقعات میں مزید 9 افراد ہلاک ہوگئے جس کے ساتھ ہی دو دن میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 16 ہوگئی۔

ریاست کے بعض علاقوں میں مسلسل چوتھے دن موسلا دھار بارش کی وجہ سے سیلاب زدہ علاقوں سے 8500 افراد کو بچایا گیا اور دیگر مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ حکام نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، ایس ڈی آر ایف، فوج، ہندوستانی فضائیہ اور ہندوستانی کوسٹ گارڈس کی مدد سے راحت اور بچاؤ کارروائی میں مصروف ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے چیف منسٹر بھوپیندر پٹیل کو فون کیا اور صورتِ حال کا جائزہ لیا۔ بارش سے متعلق واقعات جیسے دیواروں کے انہدام اور غرقاب ہونے کی وجہ سے مختلف علاقوں میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ منگل کے روز ایک سرکاری صحافتی بیان میں یہ بات بتائی گئی۔ ریاست میں پیر کے روز 7 افراد مماثل واقعات میں ہلاک ہوئے تھے۔

منگل کے روز ضلع آنند میں دیوار منہدم ہونے سے 3 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ضلع ماہی ساگر میں 2، ضلع کھیڑا اور احمد آباد میں دیوار گرنے کے واقعات میں ایک ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ ضلع جونا گڑھ اور بھڑوچ میں ایک ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ ضلع کھیڑا اور ضلع موربی سے تعلق رکھنے والے جملہ 169 افراد کو منگل کے روز بچا لیا گیا۔

مزید 8460 افراد کا تخلیہ کراتے ہوئے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ان میں ناساری کے تقریباً 3 ہزار، وڈودرا اور کھیڑا کے ایک ایک ہزار افراد شامل ہیں، اس کے ساتھ ہی دو دن کے دوران پیر اور منگل کو زائد از 15 ہزار افراد کا تخلیہ کرایا جاچکا ہے۔

چیف منسٹر بھوپیندر پٹیل نے ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ عزت مآب وزیر اعظم نریندر مودی جی نے گجرات میں طوفانی بارش کی صورتِ حال کے بارے میں مجھ سے فون پر بات چیت کی اور راحت اور بچاؤ کارروائیوں کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کی۔ وزیر اعظم مودی نے انسانوں اور جانوروں کی زندگیوں کے تحفظ کے بارے میں رہنمائی کی اور مرکزی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کا تیقن دیا۔

وزیر اعظم مستقل طور پر صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور گجرات کے بارے میں تشویش کا شکار ہیں۔ گجرات کے عوام سے انھیں گہری محبت ہے۔ پٹیل نے کہا کہ آفاتِ سماوی کے دوران اور ہر ضرورت کے موقع پر وہ گجرات کے عوام کے ساتھ ہوتے ہیں۔ انھیں گرمجوشی اور رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔


Share: