ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حتمی ووٹر لسٹ کی اشاعت سے قبل 28 نومبر تک نام شامل یا حذف کرائیں: دہلی چیف الیکٹورل افسر کی ہدایت

حتمی ووٹر لسٹ کی اشاعت سے قبل 28 نومبر تک نام شامل یا حذف کرائیں: دہلی چیف الیکٹورل افسر کی ہدایت

Thu, 21 Nov 2024 11:58:18  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 21/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی میں 2025 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ووٹر لسٹ میں رد و بدل کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ دہلی کے چیف الیکٹورل افسر پی. کرشن مورتی نے اعلان کیا ہے کہ یکم جنوری 2025 کو موثر ہونے والی ووٹر لسٹ کا 'اسپیشل سمری ریویو' (ایس ایس آر) 29 اکتوبر 2024 سے شروع ہو چکا ہے۔ یہ عمل دہلی کے تمام 70 اسمبلی حلقوں میں جاری ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ دہلی کے شہری 28 نومبر 2024 تک اپنے ناموں کے اندراج، حذف یا درستگی کے لیے اعتراضات اور دعوے پیش کر سکتے ہیں۔ حتمی ووٹر لسٹ 6 جنوری 2025 کو شائع کی جائے گی، تاہم اپڈیٹنگ کا عمل 28 نومبر کے بعد بھی جاری رہے گا۔

کرشن مورتی کا کہنا ہے کہ دہلی کے شہری کوئی بھی دعویٰ یا اعتراض کئی چینلوں کے ذریعہ آسانی سے درج کرا سکتے ہیں۔ مثلاً آن لائن درخواستیں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ووٹر پورٹل https://voters.eci.gov.in کے ذریعہ سے یا ووٹر ہیلپ لائن ایپ اور سکشم ایپ (معذوروں کے لیے) کے ذریعہ سے منظور کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ فارم نامزد ووٹر سنٹرس پر آف لائن جمع کیے جا سکتے ہیں۔

کرشن مورتی نے بتایا کہ ایس ایس آر عمل کے تحت عوامی شراکت داری کو سہولت آمیز بنانے کے لیے دہلی کے این سی ٹی میں سبھی پولنگ مراکز پر خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ گزشتہ 9 اور 10 نومبر کو منعقد مہموں کے پہلے دور میں اَپڈیٹ کے لیے اپنے فارم جمع کرنے والے شہریوں میں زبردست جوش دیکھنے کو ملا۔ اب خصوصی مہم کا اگلا دور 23 اور 24 نومبر 2024 کو مقرر ہے۔ کرشن مورتی نے عوام سے ان مہموں میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لینے کی گزارش کی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ان کی تفصیلات ووٹر لسٹ میں درست ہوں۔


Share: