ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی حکومتیں پولیس کو ’محافظ‘ سے ’حیوان‘ میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں؛ پرینکا گاندھی کا الزام

بی جے پی حکومتیں پولیس کو ’محافظ‘ سے ’حیوان‘ میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں؛ پرینکا گاندھی کا الزام

Sat, 21 Sep 2024 11:23:41    S.O. News Service

نئی دہلی، 21/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)اڈیشہ میں بی جے پی حکومت کے تحت پولیس کے ہاتھوں ایک فوجی افسر اور اس کی منگیتر کے ساتھ بدسلوکی کا واقعہ زیر بحث ہے۔ اس معاملے پر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے اڈیشہ میں پیش آنے والے اس شرمناک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "جب فوجی افسر مدد کے لیے پولیس کے پاس گیا، تو اس کی منگیتر کے ساتھ جو بربریت اور جنسی تشدد ہوا، اس نے پورے ملک کو حیران و ششدر کر دیا ہے۔"

یہ بیان پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دیا ہے۔ اس پوسٹ میں انھوں نے ایودھیا کے ایک واقعہ کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ایودھیا میں اجتماعی عصمت دری متاثرہ دلت لڑکی کے ساتھ پولیس نے ناانصافی والا برتاؤ کیا اور انصاف دلانے کی جگہ اس پر ہی دباؤ بنایا، کیونکہ خبروں کے مطابق ملزم بی جے پی سے تعلق رکھتا ہے۔‘‘

پولیس کے ذریعہ ناانصافی سے متعلق اس طرح کے معاملوں پر پرینکا گاندھی نے بی جے پی حکومتوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’ملک بھر میں بی جے پی کی حکومتیں پولیس کو محافظ سے حیوان بنا دینے کی پالیسی پر کام کر رہی ہیں۔ بی جے پی حکومتوں میں خواتین پر مبنی جرائم کے تئیں پولیس کا مجرمانہ رویہ دراصل برسراقتدار طبقہ کا تحفظ پا کر پھلتا پھولتا ہے۔‘‘ اپنے پوسٹ کے آخر میں پرینکا گاندھی یہ سوال بھی اٹھاتی ہیں کہ ’’ایسے حالات میں ملک کی خواتین تحفظ اور انصاف کے لیے کیا کریں، کہاں جائیں؟‘‘


Share: