لکھنؤ3اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش کی حکومت کی طرف سے شادی رجسٹریشن لازمی کئے جانے کے بعد لوگوں کو رجسٹریشن کے لئے حوصلہ افزائی کرنے کے لیے جمعرات کو صوبے کے وقف اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر محسن رضا اپنی بیوی فوزیہ کے ساتھ ضلع مجسٹریٹ دفترپہنچے۔وہاں انہوں نے مجسٹریٹ کے سامنے 17سال پہلے ہو چکے اپنے نکاح کے رجسٹریشن کی درخواست کی۔بیوی کے ساتھ ضلع مجسٹریٹ دفتر پہنچے وزیر کے ساتھ ان کے خاندان کے دیگر اراکین بھی موجود رہے۔ماں زاہدہ بیگم اور سسر جمال حامد نے گواہی میں دستخط کیے۔
اس موقع پر محسن نے کہا کہ ملک آئین سے چلتا ہے مذہب سے نہیں۔تمام مذاہب کے لوگوں کو شادی رجسٹریشن کرانا چاہئے۔محسن رضا اور ان کی بیوی کی شادی رجسٹریشن کی درخواست کا عمل مجسٹریٹ آشوتوش موہن اگنی ہوتری نے پورا کروایا۔درخواست کے عمل کو مکمل کرنے پر خاندان کے ارکان نے تمام لوگوں کا منہ میٹھا کرکے خوشی کا اظہار کیا۔محسن نے کہاکہ کمیونٹی کے لوگوں کو آگے آنا چاہئے۔سب کو شادی رجسٹریشن کرانا چاہئے۔نکاح نامہ کے بعد بھی نکاح کی رجسٹریشن کی درخواست کی، تاکہ وہ قانونی طور پر جائز رہے اور کوئی رکاوٹ نہ آئے۔انہوں نے یوگی سرکار کی پیٹھ تھپتپھاتے ہوئے کہا کہ ریاست کی یوگی حکومت نے سماج کے مفاد میں نکاح اور شادی کے رجسٹریشن کا حکم دیا ہے۔ہمارے نکاح کو 17سال ہو گئے، پھر بھی ہم نے آج اپنے نکاح کے رجسٹریشن کے لیے درخواست کی ہے۔اس سے تمام لوگوں کو ایک اچھا پیغام جائے گا، خاص طور پر مسلم کمیونٹی کو اچھا پیغام جائے گا۔