انقرہ ،17/نومبر (آئی این ایس انڈیا) ترک حکومت نے آذربائیجان میں آرمینیا سے متنازع علاقے نیگورنو-کاراباخ میں معاہدے کے بعد قائم ہونے والے امن کی نگرانی کے لیے اپنی فوج کی تعیناتی کا معاملہ پارلیمنٹ کو بھیج دیا۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سرکاری خبر ایجنسی کا کہنا تھا کہ حکومت نے فوجی تعینات کرنے کا معاملہ منظوری کے لیے پارلیمنٹ بھیج دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے روس کی سربراہی میں آذربائیجان اور آرمینیا کی حکومتوں نے جنگ بندی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت نیگورنو-کاراباخ میں روس اور ترک افواج نگرانی کریں گی،جبکہ آرمینیائی افراد متنازع خطہ چھوڑ دیں گے۔روس اور ترک وزرائے دفاع نے ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے اور اس میں طے پایا تھا کہ آذربائیجان میں مشترکہ طور پر نگرانی کے لیے ایک سینٹر قائم کیا جائے گا۔ترک حکومت نے پارلیمنٹ میں بل پیش کیا تھا جس میں درخواست کی گئی ہے کہ ترک امن فوج کو ایک سال کے لیے بھیجنے کی منظوری دی جائے اور فوجیوں کی تعداد صدر رجب طیب اردوان طے کریں گے۔
پارلیمنٹ میں اس بل پر آنے والے دنوں میں بحث ہوگی اور کہا جارہا ہے کہ فوج کے ساتھ ساتھ سول انتظامی عہدیدار بھی امن مشن کا حصہ ہوں گے۔اناطولیہ خبر ایجنسی نے بل کے متن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ترک مسلح افواج کے اہلکاروں کو روس اور ترکی کے جوائنٹ سینٹر کے قیام میں حصہ لینا ہوگا جو خطے کے عوام کے لیے امن اور فلاح میں معاون ہوگا اور یہ قدم قومی مفاد کے تحت ضروری ہے۔ادھر روس کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کی سرزمین میں نگرانی کے عمل میں ترک اہلکاروں کا اثر و رسوخ بہت محدود ہوگا اور وہ نیگورنو-کاراباخ نہیں جائیں گے۔روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ سینٹر کو ممکنہ خلاف ورزیوں کی نگرانی لیے ڈرون اور دیگر تکنیکی حوالے سے استعمال کیا جائے گا۔