ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / خواتین کی نمائندگی پنچایتوں سے پارلیمنٹ تک مؤثر قیادت میں تبدیل ہونی چاہیے: اوم برلا

خواتین کی نمائندگی پنچایتوں سے پارلیمنٹ تک مؤثر قیادت میں تبدیل ہونی چاہیے: اوم برلا

Wed, 18 Nov 2026 19:08:04    S O News
خواتین کی نمائندگی پنچایتوں سے پارلیمنٹ تک مؤثر قیادت میں تبدیل ہونی چاہیے: اوم برلا

بنگلورو ، 18/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) دوست اور جوابدہ بن سکتی ہے جب خواتین محض نمائندگی تک محدود نہ رہیں بلکہ پالیسی سازی، قانون سازی اور فیصلہ سازی کے ہر مرحلے میں مؤثر قائدانہ کردار ادا کریں۔ جمہوری نظام میں خواتین کی آواز اور نقطۂ نظر کو مناسب اہمیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وہ منگل کو بنگلورو کے ودھان سودھا میں منعقدہ کامن ویلتھ ویمن پارلیمنٹرینز (سی ڈبلیو پی) کے انڈیا ریجن کی پہلی آزادانہ دو روزہ علاقائی کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔

کانفرنس میں ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے خواتین ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل اور دیگر عوامی نمائندے شرکت کررہے ہیں۔ کانفرنس کے دوران خواتین کے ڈیجیٹل تحفظ، قانون ساز اداروں میں مساوی مواقع، صلاحیتوں کے فروغ اور نئی خواتین سیاسی نمائندوں کی رہنمائی جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔

اوم برلا نے ہندوستان کو جمہوریت کی ماں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی جمہوری روایات آزادی کے بعد شروع نہیں ہوئیں بلکہ ان کی جڑیں صدیوں پرانی تاریخ میں پیوست ہیں، جہاں مساوات، آزادانہ مباحث اور عوامی شراکت داری کو اہمیت حاصل رہی ہے۔ انہوں نے کرناٹک کی تاریخی روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بارہویں صدی میں جگت جیوتی بسویشورا کی قیادت میں قائم انوبھوا منٹپ مساوات اور فکری تبادلۂ خیال کا ایک اہم ابتدائی جمہوری پلیٹ فارم تھا۔ انہوں نے کِتور رانی چنما اور جھانسی کی رانی لکشمی بائی کی جرأت اور قائدانہ صلاحیتوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ آج خواتین تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی، دفاع اور خلائی تحقیق سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ناری شکتی وندن ادھینیم 2023 خواتین کو سیاسی طور پر بااختیار بنانے کی سمت ایک تاریخی قدم ہے، جس کے نفاذ سے پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کی نمائندگی مزید مستحکم ہوگی۔

انہوں نے بنگلورو کو ٹیکنالوجی اور اختراعات کا عالمی مرکز قرار دیتے ہوئے خواتین عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمس سے استفادہ کرتے ہوئے انتظامی شفافیت، جوابدہی اور عوامی شکایات کے مؤثر ازالے کو یقینی بنائیں۔

ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے اپنے خطاب میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے والے ناری شکتی وندن ادھینیم کے نفاذ کے لیے واضح، قانونی اور وقت مقررہ لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کا مقصد صرف منتخب نمائندوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ قانون سازی، پالیسی سازی اور انتظامی فیصلوں میں ان کے حقیقی اثر و رسوخ کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔

ڈاکٹر پرمیشور نے 73ویں اور 74ویں آئینی ترامیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ذریعے مقامی خود انتظامی اداروں میں خواتین کی شرکت کے مواقع پیدا ہوئے۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دورِ حکومت میں 2008 میں پیش کیے گئے 108ویں آئینی ترمیمی بل کو بھی خواتین ریزرویشن کی جدوجہد میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

انہوں نے قانون ساز اداروں کو خواتین کے لیے زیادہ سازگار بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین نمائندوں کو ہراسانی سے پاک ماحول، خاندانی ذمہ داریوں سے ہم آہنگ ایوان کی کارروائی کے اوقات، بچوں کی نگہداشت کی سہولتیں اور اہم قانون ساز کمیٹیوں میں مساوی نمائندگی فراہم کی جانی چاہیے۔

راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق کانفرنسیں محض مباحث اور قراردادوں تک محدود نہیں رہنی چاہئیں بلکہ ان کے نتیجے میں قابلِ عمل اقدامات سامنے آنے چاہئیں۔ انہوں نے تجربہ کار اور نو منتخب خواتین عوامی نمائندوں کے درمیان منظم رہنمائی کا نظام قائم کرنے، ڈیجیٹل خواندگی کے پروگرام شروع کرنے اور خواتین کی صحت سے متعلق حساس پالیسیوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ 1989 میں قائم ہونے والی کامن ویلتھ ویمن پارلیمنٹرینز تنظیم خواتین کی سیاسی نمائندگی اور قیادت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ بنگلورو جیسے اختراعات اور علم کے مرکز میں اس تاریخی کانفرنس کا انعقاد انتہائی موزوں ہے۔

ہری ونش نے دفاع اور قومی سلامتی کے شعبوں میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت کا خیرمقدم کیا، تاہم خبردار کیا کہ ڈیجیٹل دنیا میں آن لائن ہراسانی، ذاتی معلومات کا غلط استعمال اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ ڈیپ فیک مواد خواتین کے لیے سنگین چیلنج بنتے جارہے ہیں۔ انہوں نے 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کی تکمیل کے لیے خواتین کی ترقی سے آگے بڑھ کر خواتین کی قیادت میں ترقی کے تصور کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

کامن ویلتھ ویمن پارلیمنٹرینز کے انڈیا ریجن کی صدر ڈاکٹر ڈی پرندیشوری نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے دور میں خواتین عوامی نمائندوں کو سائبر ہراسانی، گمراہ کن اطلاعات اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی منظم کوششوں جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان چیلنجوں کی وجہ سے خواتین عوامی زندگی اور سیاست میں داخل ہونے سے خوفزدہ نہ ہوں، اس کے لیے ضروری ہے کہ نئی منتخب ہونے والی خواتین نمائندوں کو مناسب تربیت، تجربہ کار قائدین کی رہنمائی اور ادارہ جاتی تعاون فراہم کیا جائے۔

ڈاکٹر پرندیشوری نے بتایا کہ خواتین کی صحت کے موضوع کو بھی کانفرنس میں خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں یو این ویمن انڈیا کے تعاون سے سنِ یاس (مینوپاز) کے طبی اور سماجی اثرات پر خصوصی مذاکرہ منعقد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد میں فوری تعاون اور دلچسپی لینے پر چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار، کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر جی ایس پاٹل اور قانون ساز کونسل کے چیئرمین سلیم احمد سے اظہارِ تشکر کیا۔

کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر جی ایس پاٹل نے کہا کہ قانون ساز اداروں میں خواتین نمائندوں کے لیے محفوظ، مساوی مواقع پر مبنی اور خاندانی ذمہ داریوں کا لحاظ رکھنے والا ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کانفرنس میں سامنے آنے والی تجاویز اور سفارشات کو کرناٹک قانون ساز اداروں میں نافذ کرنے پر ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے اکا مہادیوی، کِتور رانی چنما اور رانی ابّکا چوٹا جیسی عظیم خواتین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان شخصیات نے کرناٹک کی سماجی اصلاح اور قیادت کی روایت کو مالا مال کیا ہے۔ ملک کی نصف آبادی کی صلاحیتوں سے مکمل استفادہ کیے بغیر قومی ترقی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

قانون ساز کونسل کے چیئرمین سلیم احمد نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ خواتین کی نمائندگی میں محض عددی اضافہ کافی نہیں بلکہ حکمرانی، پالیسی سازی اور فیصلہ سازی میں ان کے حقیقی اثر و رسوخ اور قائدانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے بارہویں صدی کے انوبھوا منٹپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بسونا کی قیادت میں اس تحریک نے ذات پات اور صنفی امتیاز سے بالاتر ہوکر خواتین کو آزادانہ طور پر اپنے خیالات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا تھا۔ اکا مہادیوی اور نیلامبیکے جیسی عظیم مفکر خواتین نے اس روایت کو مزید مستحکم کیا۔

سلیم احمد نے کہا کہ خواتین کی اظہارِ خیال کی آزادی کی جدوجہد آج ڈیجیٹل دنیا میں بھی جاری ہے۔ خواتین عوامی نمائندوں کو سائبر ہراسانی، دھمکیوں اور ڈیجیٹل تشدد کے خوف کے بغیر اپنے فرائض انجام دینے کا موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلورو سے پورے ملک کو یہ مضبوط پیغام جانا چاہیے کہ خواتین جمہوریت میں محض حصہ لینے والی نہیں بلکہ اس کے مستقبل کی تشکیل کرنے والی قوت بنیں۔

’مضبوط بنیادیں، مضبوط آوازیں: نئی خواتین قانون سازوں کے لیے محفوظ سائبر ماحول اور رہنمائی کے مواقع‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں 17 نومبر کو خواتین کے ڈیجیٹل بااختیار بنانے اور محفوظ سائبر ماحول جبکہ 18 نومبر کو خواتین عوامی نمائندوں کی صلاحیتوں کے فروغ اور رہنمائی کے موضوعات پر اجلاس منعقد ہوں گے۔ کانفرنس کا اختتام 18 نومبر کو گورنر ڈاکٹر سدھا یادو کے اختتامی خطاب کے ساتھ ہوگا۔

افتتاحی اجلاس میں چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار، قانون ساز کونسل کی ڈپٹی چیئرپرسن ڈاکٹر امشری، کونسل کی سکریٹری جیوتی، اسمبلی کی سکریٹری وشالاکشی، مختلف ریاستوں سے آئی خواتین ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، قانون ساز کونسل کے ارکان، اعلیٰ عہدیداران اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔


Share: