
ناگپور ،3/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)رنجی ٹرافی 2024-25 کا خطاب ودربھ نے اپنے نام کر لیا۔ وی سی اے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا فائنل میچ ودربھ اور کیرالہ کے درمیان ڈرا پر ختم ہوا، مگر قواعد کے تحت ودربھ کو فاتح قرار دیا گیا۔ ودربھ نے پہلی اننگز میں 379 رنز بنائے، جبکہ کیرالہ کی ٹیم 342 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ آخری دن کے اختتام پر ودربھ کا اسکور 9/375 رہا۔ اس کامیابی میں دانش مالیوار اور کرون نائر نے کلیدی کردار ادا کیا، دونوں نے پہلی اننگز میں بالترتیب 153 اور 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
رنجی ٹرافی فائنل میچ میں کیرالہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ ودربھ نے پہلی اننگ میں 379 رن بنائے تھے، اس میں سب سے زیادہ رن دانش مالیوار نے بنائے تھے، انہوں نے 153 رنوں کی اننگ کھیلی تھی۔ 153 رنوں کی اننگ میں دانش نے 15 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ دوسری اننگ میں بھی دانش نے 73 رنوں کی اننگ کھیلی۔ وہیں ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کرون نائر نے پہلی اننگ میں 86 رن اور دوسری اننگ میں شاندار 135 رنوں کی اننگ کھیلی تھی۔ ودربھ ٹیم کا یہ تیسرا رنجی ٹرافی خطاب ہے۔ اس سے قبل ٹیم مسلسل 2 بار چمپئن بنی تھی۔ ودربھ نے نے پہلا رنجی ٹرافی خطاب 18-2017 میں جیتا تھا۔ اس کے بعد 19-2018 کا خطاب بھی ودربھ نے ہی جیتا تھا۔ گزشتہ سیزن میں ودربھ کی ٹیم رنراپ رہی تھی، فائنل میں اسے ممبئی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ قواعد کے مطابق رنجی ٹرافی فائنل میچ اگر ڈرا پر ختم ہوتا ہے تو پہلی اننگ کی بنیاد پر زیادہ رن بنانے والی ٹیم کو فاتح قرار دیا جاتا ہے۔ ودربھ اور کیرالہ کے فائنل میچ میں ودربھ نے پہلی پاری میں 379 رن بنائے تھے۔ جب کہ کیرالہ نے پہلی اننگ میں 342 رن بنائے تھے۔ ودربھ نے پہلی اننگ کی بنیاد پر 37 رنوں کی برتری حاصل کی تھی۔