ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / وینزویلا میں قیامت خیز زلزلہ، امریکی رپورٹ نے 10 ہزار سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ

وینزویلا میں قیامت خیز زلزلہ، امریکی رپورٹ نے 10 ہزار سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ

Thu, 25 Jun 2026 11:07:47    S O News
وینزویلا میں قیامت خیز زلزلہ، امریکی رپورٹ نے 10 ہزار سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ

وینزویلا، 25/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)  وینزویلا میں ایک منٹ کے اندر آئے 2 شدید زلزلوں کے جھٹکوں سے بھاری نقصان ہوا ہے، سینکڑوں عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں اور ایئرپورٹ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ملک کی راجدھانی کاراکاس سمیت مختلف شہروں سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں تباہی کا خوفناک منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے اندازے کے مطابق زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یو ایس جی ایس کا کہنا ہے کہ اس آفت کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔ ادارے نے ابتدائی اندازہ لگایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10000 سے 100000 کے درمیان ہو سکتی ہے۔ افسران نے اب تک ہلاک یا زخمی ہونے والوں کے حتمی اعدادوشمار جاری نہیں کیے ہیں لیکن مقامی انتظامیہ اور عینی شاہدین نے گرتی ہوئی عمارتوں، امدادی کارروائیوں اور زخمیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی معلومات فراہم کی ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق پہلے زلزلے کی شدت 7.1 تھی اور اس کا مرکز کیریبین ساحل پر واقع مورون بستی کے مغرب میں تھا۔ راجدھانی کاراکاس سے اس کا فاصلہ تقریباً 168 کلومیٹر تھا اور اس کی گہرائی 13 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ دوسرے زلزلے کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز مورون سے 16 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں تھا اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ زلزلہ گزشتہ ایک صدی میں آنے والے شدید ترین زلزلوں میں سے ایک ہے۔

اس زلزلے کے اتنے زیادہ اثردار ہونے کی بڑی وجہ اس کی کم گہرائی ہے۔ دونوں زلزلے زمین کی سطح سے صرف 10 سے 13 کلومیٹر کی گہرائی پر آئے، جسے زلزلہ سائنس میں بہت کم گہرائی مانا جاتا ہے۔ جب زلزلے کا مرکز سطح کے اتنا قریب ہوتا ہے تو زمین کے اوپر جھٹکے بہت زیادہ تیز محسوس ہوتے ہیں، کیونکہ لہروں کو اوپر تک پہنچنے میں کم فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے اور راستے میں کم توانائی ختم ہوتی ہے۔ یہی وجہ رہی کہ کاراکاس اور آس پاس کے علاقوں میں عمارتیں لرز اٹھیں اور کئی منہدم ہو گئیں۔ وارننگ دی گئی ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید جھٹکے یعنی آفٹر شاکس آ سکتے ہیں، جن میں سے کچھ کافی تیز بھی ہو سکتے ہیں۔

وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگهز نے اس آفت کے بعد ملک میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’’توجہ فرمائیں، میں جلد ہی وینزویلا کے عوام سے خطاب کروں گی اور ہمارے ملک کو متاثر کرنے والے شدید زلزلے کے بعد کی صورتحال پر رپورٹ پیش کروں گی۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ وینزویلا اس علاقے میں واقع ہے جہاں کیریبین پلیٹ اور جنوبی امریکی پلیٹ آپس میں ملتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہاں زلزلے کا خطرہ ہمیشہ برقرار رہتا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 1812 میں کاراکاس اور میریڈا میں آنے والے ایک زلزلے میں تقریباً 30 ہزار افراد کی جانیں گئی تھیں۔


Share: