ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل نیشنل ہائی وے پر دردناک حادثہ، بائک سوار کی موقع پرہی موت، اہلیہ زخمی

بھٹکل نیشنل ہائی وے پر دردناک حادثہ، بائک سوار کی موقع پرہی موت، اہلیہ زخمی

Sat, 23 Aug 2025 11:40:21    S O News
بھٹکل نیشنل ہائی وے پر دردناک حادثہ، بائک سوار کی موقع پرہی موت، اہلیہ زخمی

بھٹکل، 23 اگست (ایس او نیوز): بھٹکل نور جامع مسجد کے سامنے نیشنل ہائی وے پر آج صبح ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں مرڈیشور بستی کے رہائشی 61 سالہ ایشور نائک موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کی اہلیہ بھارتی نائک (47) زخمی حالت میں بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کی گئیں۔

حادثہ صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹینکر نے بائک کو پیچھے سے ٹکر ماردی۔ ٹکر لگنے کے بعد بائک سوار سڑک پر گر گیا اور اسی وقت ٹینکر کا ایک پہیہ اس کے سر پر سے گزر گیا۔ اگرچہ متوفی نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا، لیکن حادثے کی شدت کے سامنے ہیلمٹ بھی بے اثر ثابت ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ ایشور نائک اپنی اہلیہ کے ساتھ بھٹکل میں ایک تقریب میں شریک ہونے کے لیے جارہے تھے۔

Click here for Video report

عینی شاہدین اور مقامی عوام کا کہنا ہے کہ جب سے نیشنل ہائی وے فورلین کا کام شہر کے بیچوں بیچ ادھورا پڑا ہے، تب سے بھٹکل کوالٹی ہوٹل سے لے کر نور مسجد، شمس الدین سرکل اور نوائط کالونی تک ٹریفک کا دباؤ انتہائی بڑھ گیا ہے۔ بھاری گاڑیوں کی تیز رفتاری کے سبب حادثات معمول بنتے جارہے ہیں۔ پیدل چلنے والوں کے لیے سڑک پار کرنا اور بائک سواروں کے لیے سفر کرنا گویا جان جوکھم میں ڈالنے کے مترادف ہوگیا ہے۔

عوام نے شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک فورلین کا کام مکمل نہیں ہوتا اور مقامی سواریوں کے لیے علیحدہ سروس روڈ نہیں بنایا جاتا، ایسے حادثات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتی جانوں کے مزید ضیاع کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور نیشنل ہائی وے کو حادثہ فری بنانے کی سمت میں سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔


Share: