ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ایس آئی آر، حد بندی اور خواتین کے ریزرویشن پر تاخیر کے معاملے میں مودی سے ملاقات کریں گے کھرگے

ایس آئی آر، حد بندی اور خواتین کے ریزرویشن پر تاخیر کے معاملے میں مودی سے ملاقات کریں گے کھرگے

Tue, 20 Oct 2026 19:05:50    S O News

نئی دہلی ، 20/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ وہ بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوران ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر)، پارلیمانی حلقوں کی مجوزہ حد بندی اور خواتین کے لیے ریزرویشن نافذ کرنے میں ہو رہی تاخیر سمیت مختلف اہم مسائل پر تفصیل سے اپنی بات رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان معاملات کے ممکنہ منفی اثرات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔

کرناٹک کے کلبرگی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کھرگے سے جب مرکزی وزیر کرن رجیجو کے خط کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ دسہرے کے تہوار کے پیش نظر وہ اس دن کوئی سیاسی بات نہیں کرنا چاہتے۔ تاہم، انہوں نے بتایا کہ وہ وزیر اعظم کو ذاتی طور پر خط لکھ چکے ہیں اور ان کی جانب سے دو خطوط موصول ہو چکے ہیں۔ وہ بدھ کو تمام معاملات کی تفصیلات وزیر اعظم کے سامنے رکھیں گے۔

کھرگے کے مطابق، ان کی گفتگو میں ایس آئی آر کے ممکنہ نقصانات، مجوزہ حد بندی کے منفی اثرات اور خواتین کے لیے ریزرویشن نافذ کرنے میں تاخیر جیسے مسائل شامل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ان معاملات پر اپنا موقف تفصیل سے واضح کریں گے۔

دسہرے کی مبارک باد دیتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ یہ پورے ملک میں منایا جانے والا ایک اہم تہوار ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ سب کے لیے خوشیاں لے کر آئے گا۔ انہوں نے کرناٹک میں بارش کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اوسط سے 40 فیصد سے بھی کم بارش ہونے کے سبب لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسے حالات میں لوگوں کو راحت ملنے کے لیے قدرت کا ساتھ دینا ضروری ہے۔

کھرگے نے کہا کہ دسہرے کا تہوار کرناٹک میں بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ کلیان کرناٹک خطے، خصوصاً گلبرگہ میں بھی ایک بڑا پروگرام منعقد کیا جائے، جو مقامی لوگوں میں مقبولیت حاصل کرنے کے ساتھ پورے کرناٹک کو متحد کرنے میں مددگار ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سے بات چیت کی جائے گی۔


Share: