
داونگیرے، 18 مارچ (ایس او نیوز): داونگیرے ضلع کے چنّاگیری تعلقہ میں لکشمی ساگر- دگّین ہلّی گاؤں کے قریب واقع جھیل میں ڈوب کر تین خواتین ہلاک ہوگئیں، جن میں دو بہنیں شامل ہیں۔
مرنے والی خواتین کی شناخت دیپا رانی (30)، دیویا (26) اور چندنا (19) کے طور پر ہوئی ہے۔ ان میں دیویا اور چندنا بہنیں تھیں، جبکہ دیپا رانی ان کی پڑوسن تھی۔
یہ حادثہ پیر دوپہر کو اس وقت پیش آیا جب چندنا تیرنے کے لیے جھیل میں اتری، لیکن وہ کیچڑ میں پھنس گئی۔ اسے بچانے کے لیے اس کی بڑی بہن دیویا نے پانی میں چھلانگ لگائی، مگر وہ بھی کیچڑ میں دھنس گئی۔ دونوں کو بچانے کے لیے دیپا رانی بھی پانی میں اتری، مگر وہ بھی ڈوب گئی۔
دیپا رانی اور دیویا شادی شدہ تھیں۔ دیپا رانی کے تین بچے ہیں، جبکہ دیویا کا ایک سالہ بیٹا ہے۔
چنّاگیری فائر بریگیڈ کے اہلکار کمار اور ان کی ٹیم نے لاشوں کو جھیل سے نکالا۔ تحصیلدار این جے ناگراج اور سرکل انسپکٹر کے رویش نے جائے وقوع کا معائنہ کیا، جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے چنّاگیری اسپتال بھیج دیا گیا۔ اس المناک واقعے کے بعد متاثرہ خاندانوں میں کہرام مچ گیا ہے۔