بھٹکل 30 ستمبر (ایس او نیوز): بھٹکل کے منکولی میں بھارت گیس ایجنسی کے قریب قومی شاہراہ کے کنارے پارک کیا گیا ایک ٹیمپو ٹراویلر نامعلوم افراد چوری کرکے لے گئے۔
اس سلسلے میں منڈلی نیرگدّے کے رہنے والے کرشنا اننت نائک نے بھٹکل پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔
شکایت کے مطابق، کرشنا نائک نے تقریباً ایک سال قبل روزگار کے مقصد سے تقریباً 11 لاکھ روپے مالیت کا یہ ٹیمپو ٹراویلر خریدا تھا۔ گزشتہ جمعرات کو وہ گاڑی کرایے پر لے کر ڈانڈیلی گئے تھے، جہاں سے بنگلورو روانہ ہوئے۔ اتوار کو بھٹکل واپس پہنچنے کے بعد انہوں نے ٹیمپو ٹراویلر کو منکولی میں بھارت گیس کے قریب قومی شاہراہ کے کنارے پارک کیا تھا۔
چھان بین کے دوران اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے پولیس کو پتہ چلا ہے کہ پیر کی صبح تقریباً 2 بجے ایک نامعلوم شخص ٹیمپو ٹراویلر چوری کرکے لے گیا۔ پولیس کو گاڑی کے شیموگہ ضلع کے ہوسانگر کی سمت جانے کا سراغ ملا ہے، جس کے بعد بھٹکل پولیس کی ایک ٹیم اس سمت روانہ ہوئی۔
بھٹکل سٹی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور سب انسضپکٹر نوین نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔