ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بہار انتخابات؛ مہا گٹھ بندھن پارٹیوں کی طرف سے وزیر اعلیٰ امیدوار کے نام کا اعلان ہوتے ہی تیجسوی یادو نے کہا؛ ’’پانچ سال نہیں، صرف بیس ماہ میں کردکھائیں گے کمال ‘‘

بہار انتخابات؛ مہا گٹھ بندھن پارٹیوں کی طرف سے وزیر اعلیٰ امیدوار کے نام کا اعلان ہوتے ہی تیجسوی یادو نے کہا؛ ’’پانچ سال نہیں، صرف بیس ماہ میں کردکھائیں گے کمال ‘‘

Thu, 23 Oct 2025 17:57:09    S O News
بہار انتخابات؛   مہا گٹھ بندھن پارٹیوں کی طرف سے  وزیر اعلیٰ امیدوار  کے نام کا اعلان ہوتے ہی  تیجسوی یادو  نے کہا؛  ’’پانچ سال نہیں، صرف بیس ماہ میں کردکھائیں گے کمال ‘‘

پٹنہ  ، 23/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)بہار اسمبلی انتخاب میں ’مہاگٹھ بندھن‘ پارٹیوں  کی طرف سے  مشترکہ طور پر تیجسوی یادو  کا  نام  وزیر اعلیٰ   اُمیدوار  کے طور پر  اعلان  کرتے ہی  تیجسوی یادو نے بہت بڑا وعدہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ   ہم ’پانچ سال نہیں، صرف بیس ماہ میں  ہی کمال کردکھائیں گے۔

مہا گٹھ بندھن کے  اس فیصلے کے ساتھ  انڈیا اتحاد کو مضبوطی مل گئی ہے اور سبھی پارٹیوں کے کارکنان میں ایک نیا جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا چہرہ بننے کے بعد تیجسوی یادو نے میڈیا کے سامنے عوام سے اپیل کی کہ مہاگٹھ بندھن کو کامیاب بنائیں تاکہ ایک بہتر بہار بنانے کی سمت میں قدم بڑھایا جا سکے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’ہمیں 5 سال نہیں، صرف 20 مہینے دیجیے۔ ہم 20 مہینے میں ہی 20 سال کے برابر کام کر دکھائیں  گے۔‘‘

تیجسوی یادو نے اخبارنویسوں سے  کہا کہ ’’میں پورے یقین کے ساتھ کہنا چاہتا ہوں کہ 5 سال نہیں، اگر بہار کی عوام ہمیں 20 مہینے دے تو تیجسوی اور ہماری حکومت 20 مہینے میں وہ کام کر دے گی جو ان لوگوں نے 20 سال میں نہیں کیا۔‘‘  انہوں نے مزید کہا  کہ ’’ہم نے عز کیا ہے کہ کوئی بھی کنبہ بغیر سرکاری ملازمت کے نہیں رہے گا۔ تیجسوی کی پرچھائی بھی اگر غلط کام کرے گی تو اس کو بھی تیجسوی سزا دلانے کا کام کرے گا۔ یہ عزم ہے۔ ہم ایک نیا بہار بنانے کے لیے کام کریں گے۔‘‘ عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’تیجسوی خود بہار کی حکومت نہیں چلائے گا، بلکہ پورا بہار مل کر حکومت چلانے کا کام کرے گا۔ تیجسوی وزیر اعلیٰ بنے گا تو ساتھ میں سبھی بہار کے لوگ وزیر اعلیٰ بنیں گے۔‘‘

تیجسوی یادو نے صاف کیا کہ مہاگٹھ بندھن حکومت سازی یا وزیر اعلیٰ بننے کے لیے نہیں، بلکہ بہار کی ترقی کے لیے مضبوطی کے ساتھ انتخاب لڑ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’مہاگٹھ بندھن کے لوگ صرف حکومت بنانا یا وزیر اعلیٰ بننا نہیں چاہتے، بلکہ بہار بنانا چاہتے ہیں۔ اسی لیے ہم ساتھ ہیں۔‘‘ تیجسوی نے مہاگٹھ بندھن کی پارٹیوں کے ذریعہ وزیر اعلیٰ چہرہ بنائے جانے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’میں مہاگٹھ بندھن کی سبھی پارٹیوں کا مجھ پر بھروسہ دکھانے کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں ان سبھی سے کہنا چاہتا ہوں کہ میں آپ کی امیدوں پر کھرا اترنے کی پوری کوشش کروں گا اور ہم سب مل کر 20 سال پرانی اس حکومت کو اکھاڑ پھینکیں گے جو ابھی اقتدار میں ہے۔

تیجسوی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بی جے پی اور جنتا دل یو کے درمیان پیدا تلخیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایک ایسا اشارہ دیا جو حیران کرنے والا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’این ڈی اے میں نتیش کمار کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ ان کی ایک بھی مشترکہ پریس کانفرنس نہیں ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ چہرے سے متعلق کوئی آفیشیل اعلان بھی نہیں ہوا ہے۔‘‘  انہوں نے کہا کہ ’’ہم شروع سے ہی کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی والے نتیش کمار کو وزیر اعلیٰ نہیں بنانے والے ہیں۔ بی جے پی نتیش کمار کو دوبارہ وزیر اعلیٰ نہیں بنائے گی، اور اس کی تصدیق امت شاہ نے کر دی ہے۔‘‘ تیجسوی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ الیکشن کے بعد بی جے پی والے جنتا دل یو کو بھی ختم کر دیں گے۔ پارٹی کا وجود ہی ختم ہو جائے گا۔


Share: