ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / تمل ناڈو اسمبلی انتخابات: ڈی ایم کے قیادت میں 21 جماعتوں کا اتحاد، کانگریس کے حصے میں 28 نشستیں

تمل ناڈو اسمبلی انتخابات: ڈی ایم کے قیادت میں 21 جماعتوں کا اتحاد، کانگریس کے حصے میں 28 نشستیں

Thu, 05 Mar 2026 11:35:58    S O News

نئی دہلی، 5/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)  تمل ناڈو میں 234 رکنی اسمبلی کا انتخاب رواں سال ہونے والا ہے۔ اس کے لیے جاری سرگرمیوں کے درمیان ڈی ایم کے اور کانگریس نے ایک بار پھر آپس میں اتحاد قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کی قیادت میں ڈی ایم کے نے ایک بڑے اتحاد کی تیاری کی ہے، جس میں مجموعی طور پر 21 پارٹیاں شامل ہوئی ہیں۔ کانگریس کو اس اتحاد میں 28 اسمبلی سیٹوں پر امیدوار اتارنے کا موقع دیا گیا ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن اور تمل ناڈو کانگریس کمیٹی کے صدر سیلواپیرونتھاگائی کے درمیان آج انتہائی اہم میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں انتخابی حلقوں کی تقسیم پر آخری مہر لگا دی گئی۔ ڈی ایم کے اور کانگریس کے درمیان ہوئے معاہدہ کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کانگریس تمل ناڈو میں 28 اسمبلی سیٹوں پر امیدوار اتارے گی۔ ساتھ ہی آئندہ راجیہ سبھا انتخاب میں بھی کانگریس پارٹی کے لیے ایک سیٹ محفوظ رکھی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ڈی ایم کے نے راجیہ سبھا انتخاب کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر تروچی شیوا پر ایک بار پھر بھروسہ ظاہر کرتے ہوئے انھیں راجیہ سبھا رکن کی شکل میں برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ کانسٹنٹائن رویندرن کو پہلی بار راجیہ سبھا بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اتحاد میں ڈی ایم کے کو 2، کانگریس کو ایک اور ڈی ایم ڈی کے کو 1 راجیہ سبھا سیٹ ملی ہے۔

ڈی ایم کے نے ایک پریس ریلیز جاری کیا ہے، جس میں لکھا ہے کہ ’’تمل ناڈو کی سیاست کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ ایک ہی اتحاد بغیر ٹوٹے اور نئی پارٹیوں کو شامل کرتے ہوئے چوتھی بار انتخابات کا سامنا کر رہا ہے۔ تمل ناڈو کی سیاست کی اب تک کی تاریخ رہی ہے کہ اسمبلی انتخاب کے لیے تیار اتحاد اگلے انتخاب تک کبھی قائم نہیں رہ پایا۔‘‘ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ اسٹالن نے اپنی مضبوط شخصیت اور خیر سگالی والے رویہ سے یہ نئی تاریخ رقم کی ہے۔


Share: